کراچی :چیف جسٹس گلزار احمد نے کراچی میں حالت زار سے متعلق کیس میں برہمی کا اظہار کرتےہوئے ریمارکس دیئے کہ’شیم آن سندھ گورنمنٹ ‘،پورے کراچی کو کچرا بنادیا ہے جا کر دیکھیں، آپ لوگوں نے سیاست کی نذر کردیا شہر کو ، سڑکیں اور فٹ پاتھ تباہ ہیں، گٹر ابل رہے ہیں، تھوڑی سی بارش میں شہر ڈوب جاتا ہے، غیر قانونی عمارتیں ہیں سب کچھ غیر قانونی ہے ۔
سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں کراچی میں صفائی ستھرائی اور دیگر بنیادی چیزوں کی تباہ حالی سے متعلق چیف جسٹس سپریم کورٹ جسٹس گلزار احمد نے ایڈووکیٹ جنرل پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہاکہ جاکر دیکھیں پورے کراچی کو کچرا بنادیا ہے، کیا یہ کراچی ہے؟ آپ لوگوں نے سیاست کی نذر کردیا ہے شہر کو۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ حکمرانی کرنے والے جانتے ہی نہیں شہر کو کیسے چلایا جاتا ہے ، سڑکیں، فٹ پاتھ تباہ ہیں، کوئی سبزہ نہیں، گٹر ابل رہے ہیں، تھوڑی سی بارش میں شہر ڈوب جاتا ہے، اس طرح سے شہر چلاتے ہیں ۔
جسٹس گلزار احمد نے مزیدریمارکس دیئے کہ غیر قانونی عمارتیں ہیں سب کچھ غیر قانونی، یہ ہے سندھ حکومت،کھربوں روپے کا بجٹ ہے کہتے ہیں پیسے نہیں ہیں، دنیا بھر سے قرض لیتے ہیں کہاں جاتا ہے یہ پیسہ ؟؟ شہر میں ایک پیسے کا کام نہیں ہوا ۔
چیف جسٹس نے ایڈووکیٹ جنرل سے کہا کہ دوسرے صوبوں کو بھی دیکھیں جاکر دیکھ لیں ، آپ شہریوں کو سزا دے رہے ہیں، شیم آن سندھ گورنمنٹ ، شیم آن ۔
جسٹس گلزار احمد نے مزیدکہا کہ آپ سیاسی جھگڑوں کیلئے حکومت میں نہیں آتے، لوگوں کو سروس دیں۔