پاکستان کے لیجنڈ کامیڈین عمر شریف کی حالت انتہائی ناساز ہے اور انہوں نے وزیراعظم عمران خان سے درخواست کی ہے کہ ان کے علاج میں مدد کی جائے۔
کامیڈین عمر شریف گزشتہ کچھ عرصے سے بیمار ہیں۔ پچھلے دنوں ان کی ایک تصویر بھی وائرل ہوئی تھی جس میں وہ وہیل چیئر پر بیٹھے کافی بیمار نظر آرہے تھے۔ تاہم ان کے اہلخانہ کا کہنا تھا کہ عمر شریف خیریت سے ہیں۔
اب عمر شریف کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس میں وہ وزیر اعظم عمران خان سے ان کے علاج میں مدد کرنے کی درخواست کررہے ہیں۔ عمر شریف اپنے ویڈیو پیغام میں کہہ رہے ہیں 'ڈاکٹرز نے کہا ہے کہ بہتر علاج کے لیے مجھے باہر ملک جانا چاہئے، ڈاکٹرز کے مطابق میرا بہتر علاج امریکا میں ہوسکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا جتنا میری قسمت میں لکھا تھا میں نے عمران خان کی شوکت خانم کینسر اسپتال بنانے میں مدد کی۔'
'میں عمر شریف مخاطب ہوں وزیراعظم پاکستان جناب عمران خان صاحب سے۔ عمران خان صاحب جب بھی کوئی چیز کی ہے آپ نے مجھے فون کیا ہے۔ میں نے ہمیشہ آپ کی آواز پر لبیک کہا ہے اسی لیے مجھے یقین ہے آپ بھی میری آواز پر لبیک کہیں گے.'
ویڈیو میں عمر شریف بہت بیمار نظر آرہے ہیں اور اسپتال میں ہیں یہاں تک کہ ان سے ٹھیک طرح سے بات بھی نہیں کی جارہی۔ یہ ویڈیو گزشتہ رات نجی ٹی وی چینل کے پروگرام ’’الیون آور‘‘ میں شیئر کی گئی تھی۔
علاوہ ازیں عمر شریف کی اہلیہ زرین عمر نے کامیڈین کے تصدیق شدہ فیس بک پیج پر ان کی طبیعت کے بارے میں لوگوں کو آگاہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ 'عمر شریف کے لیے 24 گھنٹے انتہائی اہم ہیں لہذا جتنا ہوسکے ان کے لیے دعا کریں۔ مسز زرین عمر'
زرین عمر نے ایک اور پوسٹ میں لکھا 'میں زرین عمر اور جواد عمر حکومتی حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ ہم صرف یہ واضح کرنا چاہتے ہیں کہ عمر اور ان کے اہلخانہ نے حکومت اور کسی ادارے سے مالی امداد کی درخواست نہیں کی۔ ہم عمر شریف کا ویزا جلد سے جلد حاصل کرنے کے لیے مدد مانگ رہے ہیں۔'
اس پوسٹ میں زرین عمر نے اینکر وسیم بادامی، حکومتی ترجمان ڈاکٹر شہباز گل، امریکی کارڈیولوجسٹ ڈاکٹر طارق شہاب اور عمر شریف کے دوست سفیر بٹ کا شکریہ ادا کیا اور لکھا انہوں نے ہمیں یقین دلایا ہے کہ وہ عمر شریف کی صحت سے متعلق ہر چیز کا خیال رکھیں گے۔'
دوسری جانب عالمی شہرت یافتہ پاکستانی کامیڈین عمر شریف کی ناسازطبیعت پر بولی وڈ میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے، نامور کامیڈین جونی لیور کی جانب سے عمر شریف کو خراج تحسین پیش کیا گیا ہے۔
جونی لیور نے عمر شریف اور اِن کے لیے صحت کی دعا کرتے ہوئے ایک ویڈیو پیغام جاری کیا ہے۔
جونی لیور نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ ’ہم سب کے عزیز فنکار عمر شریف صاحب جنہوں نے پوری دنیا کو ہنسایا، اُن کی طبیعت بہت زیادہ خراب ہے، سن کر بے حد دکھ ہوا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’سب مداح عمر شریف کے لیے دعا گو ہیں، آپ سب عمر شریف کے لیے دعا کریں تاکہ وہ جلدی سے ٹھیک ہوجائیں۔‘
مشہور بھارتی گلوکار دلیر مہندی نے بھی عمر شریف کے علاج سے متعلق جاری بیان میں ان کے ساتھ اپنے ماضی کی یاد تازہ کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمر شریف اور میں شوکت خانم کی فنڈریزنگ میں ایک ساتھ رہے ہیں۔
بھارتی گلوکار نے مزید کہا کہ عمر شریف کینسر سوسائٹی کے لیے کام پر بہت خوش تھے، آج انہیں علاج کی سخت ضرورت ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ میں وزیراعظم پاکستان عمران خان سے اپیل کرتا ہوں کہ آپ آرٹسٹ برادری کی مدد کریں۔
واضح رہے کہ عمر شریف کے نام سے مشہور پاکستان کے معروف اداکار، کامیڈین، ہدایت کار، پروڈیوسر اور ٹیلی ویژن شخصیت کا اصل نام محمد عمر ہے۔ عمر شریف کا شمار نہ صرف پاکستان کے بلکہ برصغیر کے نامور کامیڈینز میں ہوتا ہے۔ ان کا مشہور اسٹیج ڈراما ’’بکرا قسطوں پر‘‘ پاکستان اور بھارت کے ساتھ ساتھ دنیا بھر میں بے حد مقبول ہوا تھا۔