وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان اور قطر نے افغانستان میں کسی بھی انسانی بحران سے بچنے کےلئے تعمیری کردار جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔
وزیرخارجہ شاہ محمود نے جمعرات کو اسلام آباد میں قطر کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمان الثانی کے ساتھ وفود کی سطح پر بات چیت کے بعد ایک مشترکہ نیوز کانفرنس سے خطاب کیا۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ افغانستان میں امن،استحکام اور خوشحالی کے بارے میں دونوں ملکوں کا مشترکہ وژن ہے۔ عالمی برادری کو افغانستان کے عوام کی انسانی اور مالی امداد کے لئے آگے آنا چاہیئے.
انہوں نے کہا کہ امن میں خلل ڈالنے والے عناصر کو افغانستان میں امن کےلئے عالمی کوششوں کو سبوتاژ کرنے کا موقع نہیں ملنا چاہیئے۔