اسلام آباد:ملک بھر میں یوم فضائیہ جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے، یوم پاک فضائیہ کے موقع پر پاکستان ایئر فورس کے دستے نے شہید راشد منہاس کی قبر پر حاضری دی پھول چڑھائے اور سلامی پیش کی۔
جھپٹنا پلٹنا پلٹ کر جھپٹنا پاک فضائیہ کا طرہ امتیاز، 1965 کی جنگ میں پاکستان ایئر فورس نے دشمن کو ناکوں چنے چبوائے، وطن عزیز کے جانباز شاہینوں کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے قوم آج یوم فضائیہ منا رہی ہے۔
جنگ کے آغاز سے پہلے شاید کسی کو یہ گمان بھی نہیں ہوگا کہ پاک فضائیہ کے شاہین عددی اعتبار سے اپنے سے کہیں بڑے دشمن پر ایسا قہر بن کر ٹوٹیں گے کہ دنیا دنگ رہ جائے گی۔
آج سے 56 سال پہلے یہ آج ہی کا دن تھا جب صرف دو دنوں کے اندر دشمن کے 56 طیاروں کی تباہی نے اُس کی فضائیہ کی کمر توڑ دی تھی۔
وہ بھی آج کا ہی دن تھا جب سرگودھا کی فضاؤں میں ایم ایم عالم نے ایک منٹ میں دشمن کے 5 طیارے گرا کر پاک فضائیہ کی تربیت اور جوش جنون کی مثال بن گئے تھے۔
ایم ایم عالم، سیسل چوہدری، سرفراز رفیقی اور ایسے ہی دوسرے شاہینوں نے آنے والے فضائیہ کے جوانوں کیلئے ایک معیار بھی طے کر دیا تھا۔
آج یومِ فضائیہ مناتے ہوئے پوری قوم اپنے شہید اور غازی شاہینوں کو سلام پیش کرتی ہے۔
یومِ فضائیہ کے موقع پر نشان حیدر کا اعزاز حاصل کرنے والے سب سے کم عمر پائلٹ آفیسر راشد منہاس کی قبر پر پاک فضائیہ کی جانب سے سلامی پیش کی گئی اور پھول چڑھائے گئے اور پاکستان کیلئے قربانیاں دینے والے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
اس موقع پر پاک فضائیہ کے افسران نے کہا کہ ہم ایک ہیں اور ملکی دفاع کے لئے ہماری فوج ہر دم جان قربان کر کیلئے تیار ہے۔
تقریب کے مہمان خصوصی ایئروائس مارشل زعیم افضل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن پاک فضائیہ کی جرات کا آئینہ دار ہے، پاک فضائیہ نے 6 ستمبر 1965کو بھارتی فوج کے ناپاک ارادے خاک میں ملا دیے، راشد منہاس شہید قوم کے ہیرو ہیں۔
ایئروائس مارشل زعیم افضل کا مزید کہنا تھا کہ راشد منہاس نے پاکستانی قوم کا سرفخر سےبلند کردیا، پاک فضائیہ کسی قسم کی جارحیت کا مقابلہ کرنے کیلئے ہردم تیار ہے۔