وزیر اعظم عمران خان نے بین الاقوامی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ افغانستان میں انسانی ضروریات کی فراہمی اور معاشی استحکام کو یقینی بنانے کےلئے جنگ زدہ ملک سے رابطوں میں اضافہ کرے۔
اقوام متحدہ کےسیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کےساتھ ٹیلی فون پرگفتگو کرتےہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ اس طرح کے اقدامات سے نہ صرف افغان سلامتی کو استحکام ملے گا بلکہ ملک سے افغان شہریوں کے وسیع پیمانے پر انخلاء اور افغانستان میں پناہ گزینوں کے بحران کی روک تھام میں بھی مدد ملے گی۔
دونوں رہنماؤں نے افغانستان میں حالیہ پیشرفت خصوصاً انسانی امداد کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیر اعظم نے افغانستان میں امن و استحکام کی اہمیت اور جامع سیاسی حل کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
انہوں نے زوردیاکہ افغانوں کی سلامتی، خوشحالی اور پائیدار امن کے ذریعے افغانستان میں جاری 40 سالہ تنازعہ کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے۔
عمران خان نے افغان عوام کےلئے انتہائی ضروری امداد کی فراہمی کےلئے اقوام متحدہ کے اہم کردار کو سراہا۔
انہوں نے افغانستان میں اقوام متحدہ کے انسانی مشن کے امدادی مشن کی بلا تعطل سرگرمیوں کو یقینی بنانے کےلئے پاکستان کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔
وزیر اعظم نے اقوام متحدہ کو اپنی ذمہ داریوں کی تکمیل کےلئے پاکستان کے مسلسل تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔