کوئٹہ میں مستونگ روڈ پر ہونے والے خودکش دھماکے میں 4ایف سی اہلکار شہید اور15 زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق کوئٹہ میں مستونگ روڈ پر سونا خان چیک پوسٹ کے قریب زوردار دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں 4ایف سی اہلکار جان کی بازی ہار گئے جبکہ 19زخمی ہوگئے۔
واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز کی بڑی تعداد نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لیکر زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا اور دھماکے کی جگہ سے شواہد اکٹھے کرنے کا کام شروع کردیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق حملہ خودکش تھا جس میں موٹر سائیکل سوار خودکش بمبار نے فورسز کی گاڑی سے خود کو ٹکرادیا۔
بی ڈی ایس ذرائع کا کہنا ہے کہ کوئٹہ مستونگ روڈ پر خود کش بم دھماکے میں 4 سے 5 کلو دھماکے خیز مواد استعمال کیا گیا جبکہ خودکش بمبار نے مکمل ریکی کر نے کے بعد خود کو فورسز کی گاڑی سے ٹکرایا تاہم مزید تحقیقات جاری ہیں۔
پولیس کے مطابق،حملہ آور کا سر اور دیگر اعضاء قبضے میں لے لئےہیں۔
وزیراعظم کی ٹی ٹی پی کی جانب سے کوئٹہ میں خودکش دھماکے کی مذمت
ادھروزیراعظم عمران خان نے کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی)کی جانب سے کوئٹہ میں خودکش دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے شہداء کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کی اور زخمیوں کلئےی جلد صحت یابی کی دعا کی۔
وزیرداخلہ بلوچستان کی کوئٹہ میں فورسز پر حملے کی مذمت
وزیرداخلہ بلوچستان ضیا ء لانگو نے کوئٹہ میں فورسز پر حملے کی مذمت کرتےہوئے متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کرلی۔
وزیرداخلہ بلوچستان نے کہا کہ دہشتگردی کیخلاف جنگ میں فورسز نے لازوال قربانیاں دیں،یہ جنگ امن کے مکمل حصول تک جاری رہے گی،پوری قوم شہداء کے خون کی قرض دار ہے۔
بلاول بھٹو زرداری کی کوئٹہ میں دہشتگرد حملے کی مذمت
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کوئٹہ میں دہشتگرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے دہشتگردی کے واقعات میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی کوئٹہ دھماکے کی مذمت
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کوئٹہ دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے شہدوں کو عظیم قربانی پر خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ قوم دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے متحد ہے۔