Aaj Logo

شائع 04 ستمبر 2021 01:18pm

ڈی جی آئی ایس آئی وفد کے ہمراہ کابل پہنچ گئے

ڈائریکٹر جنرل انٹر سروسز انٹیلیجنس لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید سینئر پاکستانی حکام کے وفد کے ہمراہ کابل پہنچ گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق دورہ کے دوران پاکستانی حکام کی طالبان قیادت سے پاک افغان سیکیورٹی ،اقتصادی اور دیگر امور پر بات ہو گی۔

دوسری جانب معاون ترجمان افغان طالبان بلال کریمی نے کہا ہے کہ گزشتہ جمعہ نئی حکومت سے متعلق تاریخ کا اعلان نہیں کیا، نئی حکومت کا جلد اعلان کریں گے تاخیر نہیں ہو گی۔

سرکاری ٹی وی سے گفتگو میں انہوں نے بتایا کہ وادی پنج شیر کا مغربی حصہ پہلے ہی کنٹرول میں آچکا ہے جب کہ اس وادی کے مشرقی علاقے بھی ہمارے کنٹرول میں ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان کے بڑے ضلع پریان میں امن بحال کر چکے ہیں، وادی مجموعی طور پر طالبان کے سخت محاصرے میں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کاپیسا کے راستے ضلع انابہ پر بھی ہمارا کنٹرول ہے، مخالفین کو بھاری نقصان کا سامنا ہے جب کہ طالبان محفوظ ہیں۔

قطر کے دارالحکومت دوحہ میں افغان طالبان کے سیاسی دفتر کے نائب سربراہ شیر محمد عباس ستانکزئی کی بھی قطر میں پاکستانی سفیر سید احسن رضا شاہ سے وفدکی سطح پر ملاقات ہوئی ہے۔

یہ بات طالبان کے ترجمان سہیل شاہین نے جاری کیئے گئے ایک بیان میں بتائی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ دوحہ میں عباس ستانکزئی کی پاکستانی سفیر سے ملاقات کے دوران افغانستان کی تعمیرِ نو، طورخم اور اسپن بولدک میں لوگوں کی نقل و حرکت کو آسان بنانے سے متعلق مسائل پر بھی بات چیت کی گئی۔

طالبان ترجمان سہیل شاہین نے یہ بھی بتایا ہے کہ دونوں فریقوں نے موجودہ افغان صورتِ حال، انسانی امداد، باہمی دلچسپی اور احترام پر مبنی دو طرفہ تعلقات پر تبادلۂ خیال بھی کیا۔

Read Comments