پاکستانی اداکار اور میزبان یاسر حسین نے اپنے انسٹاگرام پر ایک بہت ہی کیوٹ ویڈیو شئیر کی ہے جس میں ان کی اہلیہ اقرا عزیز کو اپنے بیٹے کبیر حسین کے لیے "بیبی شارک" گاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
ساتھ ہی ویڈیو کے کیپشن میں یاسر نے ماں کے کردار کو اجاگر کرنے کے لیے ایک دل کو چھو لینے والا نوٹ بھی لکھا، ۔
یاسر لکھتے ہیں، 'وہ بچے کو کیسے پالتی ہے، کیا سناتی ہے، کیا سکھاتی ہے، اگر میں نے یہ سب پہلے دیکھ لیا ہوتا کہ ماں کا بچے کو پالنا کتنا مشکل ہے تو میں اپنی اماں سے کبھی آنکھ ملا کر بات بھی نہیں کر پاتا۔ ماں کا رتبہ بہت بڑا ہے۔ آض یا کل ہمیشہ ماں، ماں ہے۔'
یاسر نے زور دیتے ہوئے کہا ، 'کبھی بھی ماں ے بارے میں رائے قائم نہ کرو۔'
یاسر اور اقرا عزیز نے رواں سال جولائی میں اپنے پہلے بچے کبیر حسین کا ایک ساتھ استقبال کیا۔
واضح رہے کہ یاسر نے یہ ویڈیو ابرار الحق کے بیان کے بعد شیئر کی ہے جس میں انہوں نے جدید دور کی ماؤں کو اپنے بچوں کو گیجٹ دینے پر تنقید کی تھی اور اس سے سوشل میڈیا پر بحث چھڑ گئی تھی۔
ابرار الحق نے حال ہی میں ایک کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا، 'ماضی میں مائیں اپنے بچوں کو کلمہ سکھاتی تھیں، آج کل وہ اپنے فون دیتی ہیں جس پر بچے 'بیبی شارک' سنتے ہیں۔'
پاکستان شوبز انڈسٹری کی مقبول ترین ماڈل اور اداکارہ نادیہ حسین نے گلوکار و پی ٹی آئی رہنما ابرار الحق کے اس حالیہ بیان پر سخت الفاظ میں ردعمل بھی دیا ہے۔
نادیہ حسین نے ابرار الحق کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے طنزیہ انداز میں کہا تھا کہ آپ نے ماں کی گود سے کلمہ سنتے سنتے نچ بنجابن اور بِلو کے گھر تک کا سفر پتا نہیں کیسے طے کیا۔
ماڈل کے تبصرے پر ایک صارف نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے نعتیں بھی پڑھیں لیکن آپ کو صرف یہی یاد ہے۔
نادیہ حسین نے کہا کہ مجھے سب یاد ہے لیکن ابرارالحق کو کسی نے یہ حق نہیں دیا ہے کہ وہ آج کل کی ماں کی تربیت پر تنقید کریں۔
انہوں نے سوالیہ انداز میں کہا کہ ابرار نے نعتوں کے علاوہ گانے جو گائے، اس سے نوجوان نسل نے بہت کچھ سیکھا؟