Aaj Logo

شائع 31 اگست 2021 03:20pm

لاہور: شاپنگ مالز میں بغیر ویکسی نیشن افراد کو گرفتار کرنے کا فیصلہ

لاہور:کورونا کی چوتھی لہر کے پیش نظریکم ستمبر سے لاہورکے تمام شاپنگ مالز میں بغیر ویکسی نیشن افراد کو گرفتار کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

کمشنر آفس لاہور میں کورونا وبا ءکے پیش نظر اہم اجلاس ہوا، جس میں سی سی پی او اورڈی سی شریک ہوئے۔

اجلاس میں کوویڈ ایس اوپیز اور ویکسی نیشن کے حوالے سے سختی کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس میں ویکسی نیشن نہ کرانے والے سرکاری ملازمین کخلا ف پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی کا فیصلہ کیا گیا۔

اس کے علاوہ لاہور میں تھانہ سطح پر انفورسمنٹ کمیٹیاں فعال کرنے، ان ڈور شادی تقریبات پر مکمل پابندی جبکہ آؤٹ ڈور میں بھی مقررہ تعداد کو چیک کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

کمشنر لاہور نے کہا کہ ہمیں کوویڈ کی چوتھی لہر کا سامنا ہے اور لوگوں کی غفلت سے تیزی سے پھیل رہا ہے، یکم ستمبر سے انتظامیہ اور پولیس فلیگ مارچ کے دوران ہر جگہ چیکنگ کرے گی، ویکسین نہ لگوانے والے شہری کو شہر میں کوئی سروس فراہم نہیں ہوگی ٹرانسپورٹ، فیول اور ریسٹورنٹس میں سروسز فراہمی بند کی جائے گی، دکان، مارکیٹ یا شاپنگ مال پر آنے والے ہر شہری کی ویکسی نیشن چیک کی جائے گی۔

شاپنگ مالز میں گاہکوں کا داخلہ ویکسی نیشن سے مشروط ہوگا، شاپنگ مالز میں بغیر ویکسی نیشن افراد کو گرفتار کیا جائے گا،کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر سر بمہر کئے گئے کاروبار یا دکان کو ایک ہفتے سے پہلے ڈی سیل نہیں کیا جائے گا۔

سی سی پی او لاہور نے بتایا کہ کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد کیلئے پولیس ضلعی انتظامیہ کو مکمل تعاون فراہم کرے گی، شہری ماسک پہنیں اور ویکسین لگوائیں،پولیس ہدایات پر عمل درآمد کرائے گی۔

Read Comments