لبنان کے دارالحکومت بیروت کے جنوب میں واقع مضافاتی علاقے برج البراجنہ میں ایک فیکٹری میں پیر کی سہ پہردھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں چارافراد جاں بحق اور دو زخمی ہوگئے۔
لبنان کے خبررساں ادارےکے مطابق برج البراجنہ کے علاقے میں ایک زوردار دھماکے کی آواز سنی گئی۔یہ دھماکا الشامی فیکٹری کے اندر ہوا۔اس فیکٹری میں پانی کے ہیٹر تیار کیے جاتے ہیں۔
تاہم خبر رساں ادارے نے دھماکے کی وجہ نہیں بتائی. البتہ مقامی ذرائع نے خبر دی کہ فیکٹری کے اندر مزدورایک ٹینک کو ویلڈ کررہے تھے۔اس دوران میں وہ دھماکے سے پھٹ گیا۔
دھماکے سے پلانٹ کے باہرکھڑی گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچا۔ٹینک دھماکے کے بعد ان پرجاگرا تھا۔
واضح رہے کہ لبنان کو اس وقت ایندھن کی شدید قلت کا سامنا ہے۔اس کے پیش نظر رہائشی علاقوں میں واقع متعدد فیکٹریاں اورکاروباری ادارے ایندھن کا ذخیرہ کررہے ہیں۔
لبنانی ریڈ کراس کے مطابق دو ہفتے قبل لبنان کے علاقے عکار میں تلیل کے مقام پر ایندھن کے ٹینکر میں دھماکے سے کم سےکم 20 افراد ہلاک اور79 زخمی ہو گئے تھے۔