Aaj Logo

شائع 25 اگست 2021 10:01am

ورلڈ بینک کا افغانستان کیلئے امداد بند کرنے کا اعلان

ورلڈ بینک نے افغانستان کی موجودہ صورتحال کو تشویش ناک قرار دیتے ہوئے امداد بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ افغانستان میں ورلڈ بینک کے 2 درجن سے زائد ترقیاتی منصوبے جاری ہیں، تاہم امداد بند کرنے کے اعلان کے بعد یہ منصوبے بھی رک جائیں گے۔

ورلڈ بینک کا کہنا ہے کہ افغانستان کی صورتحال انتہائی تشویش ناک ہے جس کا بغور جائزہ لے رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق عالمی بینک افغانستان کو 5.3 ارب ڈالر دے چکا ہے جس میں زیادہ تر امدادی رقم شامل ہے،

دوسری جانب یورپین یونین نے افغانستان کی انسانی امداد جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ یورپین یونین نے افغان عوام کے مسائل اور تکالیف کو پیش نظر رکھتے ہوئے افغانستان کے عوام کیلئے انسانی امداد کی فراہمی کو جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

یورپین یونین کا کہنا ہے کہ یہ امداد افغان گورنمنٹ کو براہ راست نہیں دی جائے گی بلکہ اسے دیگر پارٹنر اداروں کے ذریعے تقسیم کیا جائے گا۔ یونین نے 2021ء میں افغان عوام کیلئے 57 ملین یورو کا پہلے ہی سے اعلان کیا ہوا تھا تاہم کابل میں طالبان کے کنٹرول کے بعد اسے روک دیا گیا تھا۔

Read Comments