لاہور:مینار پاکستان میں لڑکی پر تشدد اور ہراساں کرنے کے معاملے پر میڈیکل رپورٹ میں متاثرہ لڑکی کے جسم پر متعدد نشانات کی تصدیق ہوگئی۔
لاہور مینار پاکستان میں 400 ملزموں کے ہاتھوں دست دراز ی اور تشدد کا نشانہ بننے والی لڑکی عائشہ کا میڈیکل کروا لیا گیا، میڈیکل رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ لاہور عائشہ کے پورے جسم پر درجنوں اسکریچز اور نیلگوں کے واضع نشانات موجود ہیں۔
میڈیکل ٹیم نے لاہور کے گریٹر پارک مینار پاکستان میں لڑکی پر تشدد سے متعلق میڈیکل رپورٹ مکمل کرلی گئی، اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ متاثرہ کے جسم پر متعدد نشانات ہیں، متاثرہ لڑکی کے دائیں بازو پر سوجن ہے جبکہ گردن پر ناخن کے نشانات ہیں۔
ایم ایس ڈاکٹر گلزار کا کہنا ہے کہ متاثرہ لڑکی کا میڈیکل نواز شریف یکی گیٹ اسپتال میں کروایا گیا، جس کی رپورٹ میں کہا گیا کہ لڑکی کے دونوں کانوں پر بھی سوجن پائی گئی اور گردن پر نوچنے کے نشانات ہیں۔
میڈیکل رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پورے جسم پر نیلگوں اور اسکریچز کے نشانات ہیں، جب کہ سینے کے دائیں طرف تین اسکریچز ہیں، بائیں بازو پر اور کہنی کے اوپر بھی تین اسکریچز ہیں۔
رپورٹ میں تصدیق ہوئی ہے کہ متاثرہ لڑکی کی کمر اور دونوں پاؤں پر بھی اسکریچز ہیں، پورے جسم پر 13 نشانات واضح ہیں جبکہ درجنوں نیلگوں نشانات ہیں۔