ویسے تو بھارت میں افغانستان پر طالبان کے کنٹرول کے بعد پیش آنے والی صورتحال پر مکمل سناٹا ہے، تاہم بولی وڈ کی جانب سے چند معروف شخصیات ردِعمل سامنے آیا ہے۔
بھارتی فلم ساز و اداکارہ سونی رازدان نے ٹوئٹر پر افغانستان کی موجودہ صورتحال پر لکھا،'یہ کیسی دنیا ہے کہ ایک ملک اپنی آزادی کا جشن مناتا ہے دوسرا ملک اپنی آزادی کھو دیتا ہے۔'
اداکارہ شبانہ اعظمی لکھتی ہیں کہ، 'تاریخ ہمیں سکھاتی ہے کہ شدت پسند پہلے مذہب کی آڑ میں ثقافت پر حملہ کرتے ہیں۔ یاد رکھیں کہ طالبان نے چھٹی صدی کے بامیان مجسموں کو تباہ کیا تھا اور یہ اس بات کی علامت تھی کہ انسانی ظلم و ستم کی پیروی کی جائے گی۔'
اس کے علاوہ مشہور بھارتی مصنف اور شاعر جاوید اختر نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر افغانستان کی موجودہ صورتحال پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئےلکھا، 'امریکا کس قسم کی سپر پاور ہے کہ وہ ان وحشیوں کو ختم نہیں کر سکتی جنہیں طالبان کہتے ہیں۔ یہ دنیا کیسی دنیا ہے جس نے افغان خواتین کو ان شدت پسندوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے۔ شرم آنی چاہیے ان تمام مغربی ممالک پر جو انسانی حقوق کے محافظ ہونے کا دعویٰ کرتے ہیں۔'
جاوید اختر کے بیٹے اور بولی وڈ کے معروف ہدایتکار فرحان اختر نے بھی اپنے ردِعمل میں کہا، 'دنیا کی طاقتوں کو صرف اس وقت یہ بات کرنے کی ضرورت ہے کہ معصوم افغانوں کی مدد کیسے کی جائے، ابھی اور اسی وقت۔ اس کے لیے آنے والے دنوں کے انتظار کا وقت نہیں ہے۔'