وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے آج اسلام آباد میں افغان رہنماؤں سےگفتگو کرتےہوئے ان پر زور دیا ہے کہ افغان مسئلے کے وسیع البنیاد اور جامع سیاسی حل کےلئے اس تاریخی موقع کو استعمال کریں۔
وزیرخارجہ کا کہنا تھا تمام فریقین افغانستان اور خطے کے بہتر مستقبل کےلئے ملکر کام کریں۔ ہمارا مقصد ایک پُرامن، متحد، جمہوری، مستحکم اور خوشحال ہمسایہ ملک ہے۔
انہوں نے کہا افغان مسئلے کے حل کےلئے جامع مذاکرات ہی واحد سیاسی راستہ ہے اور پاکستان اس حوالے سے تعمیری اور مصالحتی کردار ادا کرنےکےلئے پُرعزم ہے۔
شاہ محمود قریشی کامزید کہنا تھا پاکستان کو امید ہے کہ پوری افغان قیادت وسیع تر قومی مفاد میں پائیدار امن کےلئے کوششیں کرے گی۔ ہمیں امن دشمن عناصر پر بھی مسلسل نظر رکھنے کی ضرورت ہے جو پاکستان کے مصالحتی کردار سے متعلق دنیا کو گمراہ کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں۔
وزیر خارجہ نے عالمی برادری پر زور دیا کہ آگے بڑھے اور افغانستان کی تعمیر ِ نو اور بحالی کیلئے تعاون اور معاشی امداد فراہم کرے۔