کراچی میں ٹیپو سلطان روڈ پر واقع محمد علی سوسائٹی کے ایک گھر میں آگ لگنے سے 5 افراد جاں بحق ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق گھر میں لگی آگ بجھاتے ہوئےایک فائربریگیڈ اہلکار بے ہوش ہوگیا جسے فوری طبی امداد کے جناح اسپتال منتقل کیا۔
بعدازاں گھر میں لگنے والی آگ پر قابو پالیا گیا، ابتدائی طور پر معلوم ہوا ہے گھر میں آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی اور پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے پانچوں افراد نے گھر میں دھواں بھر جانے کے باعث دم توڑا۔
پولیس کے مطابق جاں بحق افراد میں 4 بہن بھائی اور ایک خانسامہ تھا جن کی شناخت 80 سالہ سلطان مرزا، 72 سالہ شازیہ مرزا، 60 سالہ فرحت مرزا، 78 سالہ صبحیہ مرزا اور 50 سالہ اکبر کے نام سے ہوئی ہے۔
آتشزدگی میں جاں بحق ہونے والے فرحت مرزا فرانزک میڈیسن کے پروفیسر تھے اور کراچی میں ہائی پروفائل میڈیکل بورڈ کے چئیرمین بھی رہ چکے ہیں۔
پروفیسر فرحت مرزا سندھ میڈیکل کالج، ڈاؤ میڈیکل کالج اور چانڈکا میڈیکل میں تدریسی شعبے سے منسلک تھے۔
پروفیسر فرحت کی اہلیہ اس حادثے میں معجزانہ طور پر محفوظ رہی ہیں، ان کی ایک ٹانگ جھلس گئی ہے۔