فلموں میں دکھائے جانے والے اکثر جرائم پیشہ عناصر کیلئے ایک "آئیڈیا" بن جاتے ہیں۔ ایسا ہی کچھ ہوا بھارت میں، جہاں اکشے کمار کی معروف فلم "اسپیشل 26" سے متاثر 6 رکنی گینگ نے کاروباری افراد کو سرکاری اہلکار بن کر لوٹنا شروع کر دیا۔
چھ رکنی گینگ نے جعلی سی بی آئی افسران بن کر بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے شہر چھتر پور میں واقع ڈسٹلری "جیک پن بریوریز" پر صبح 8 بجے چھاپہ مارا اور حوالہ پیش کیا کہ وہ گزشتہ سال اتر پردیش کے شہر علی گڑھ میں پیش آنے والے پرانے جعلی شراب کیس کی تحقیقات کیلئے آئے ہیں۔
دھوکے میں حقیقت کا رنگ بھرنے کیلئے چھ میں سے دو افراد نے پولیس کی وردیاں پہن رکھی تھیں اور پستول بھی لگا رکھے تھے، انہوں نے تمام سیکیورٹی گارڈز کو لائن میں کھڑا کر لیا اور مالک کو بلا لیا۔
ڈسٹلری کے مالک نکھل بنسل جب وہاں پہنچے اور پوچھا کہ ان کے خلاف یہ کارروائی کیوں کی جارہی ہے تو گینگ کے ایک رکن نے چلاتے ہوئے کہا کہ اسے سوالات کے جوابات کیلئے پیش ہونے کیلئے سمن بھیجا گیا تھا لیکن وہ پیش نہیں ہوا، وہ سمن کی کاپی دکھانے میں ناکام رہے اور الٹا انہوں نے بنسل کو لکھنؤ لے جانے کی دھمکی دی۔
نکھل بنسل کا کہنا ہے کہ وہ ایک رجسٹرڈ ڈسٹلری چلاتا ہے اور علی گڑھ سمیت اتر پردیش میں کہیں بھی سپلائی نہیں دیتا، ڈسٹلری مالک کی مزاحمت کو دیکھتے ہوئے ایڈیشنل ایس پی کا روپ دھارے گینگ کا ایک شخص آگے آیا، اس نے اپنی پستول نکالی اور مینیجر راجیو متل کے سینے پر رکھ دی ، انہوں نے دفتر کے دراز کنگھالنے شروع کر دیئے اور وہاں موجود دو لاکھ روپے لوٹ لیئے۔
اس کے بعد چھ رکنی گینگ وہاں سے چلا گیا، لیکن جاتے جاتے سی سی ٹی وی کیمرے کی رکارڈنگ بھی ساتھ لے گئے۔
بعدازاں بنسل نے پولیس سے رابطہ کیا اور اپنی شکایت درج کرواتے ہوئے تمام کارروائی سے آگاہ کیا، پولیس نے کچھ ہی دیر میں کارروائی کرتے ہوئے ان تمام افراد کو گرفتار کر لیا، جن میں دھرمیندرا والمیکی، دیواندرا جولاہا، اویناش موریا، سدھپال، دیواندرا سنگھ نامی شخص شامل ہیں۔
ملزمان کے قبضہ سے دو گاڑیاں، دو لاکھ روپے، دس گولیاں، تین پولیس کی وردیاں، جعلی کارڈز اور دو نمبر دستاویزات برآمد کئے گئے ہیں۔
ملزمان نے دوران تفتیش اعتراف کیا کہ وہ اکشے کمار کی فلم اسپیشل چھبیس سے متاثر تھے اور انہوں نے اسی کو سامنے رکھتے ہوئے کارروائی ڈالنے کا فیصلہ کیا۔