نامزد صوبائی وزیر اسد کھوکھر کے بھائی ولیمے کی تقریب میں فائرنگ سے جاں بحق ہو گئے ہیں۔
نامزد صوبائی وزیر اسد کھوکھر کے بیٹے کے ولیمے کی تقریب میں مسلح شخص نے فائرنگ کردی جس سے نامزد صوبائی وزیر کے بھائی مبشر کھوکھر المعروف ملک گوگا جاں بحق ہو گئے۔ اس واقعے میں شہری بھی زخمی ہو گیا، جسے ہسپتال میں منتقل کر دیا گیا۔
شادی کی تقریب میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار بھی موجود تھے، شادی کی تقریب میں فائرنگ کے وقت صوبائی وزرا سمیت اہم شخصیات بھی شریک تھیں۔ اہم شخصیات کی موجودگی میں فائرنگ کا واقعہ ہوا۔ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے حملہ آور کو حراست میں لے لیا ہے۔
ملزم نے ابتدائی بیان میں بتایا کہ ملک مبشر المعروف ملک گوگا میرے چچا کے قتل میں ملوث تھا، اپنے چچا کے قتل کا بدلہ لینے کے لئے ملک گوگا کو قتل کیا، میرا چچا کچھ عرصہ قبل قتل ہوا تھا۔
خیال رہے کہ اسد کھوکھر سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی جانب سے خالی کردہ پنجاب اسمبلی کی نشست پی پی 168 پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔
دوسری طرف وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا کہ وزیراعلی پنجاب سے بات ہوئی ہے۔ وہ خیریت سے ہیں اور رہائش گاہ پر موجود ہیں۔
انہوں نے لکھا کہ حملہ آوروں نے ان کی گاڑی کے بالکل قریب آ کر فائرنگ کی۔ وزیراعلیٰ کی سکیورٹی نے حملہ آور کو قابو میں لے کر گرفتار کیا۔ بدقسمتی سے اسد کھوکھر کے بھائی اس حملے کے نتیجے میں جاں بحق ہوگئے ہیں۔
پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش کے مطابق یہ واقعہ دشمنی کا شاخسانہ ہے۔
اُدھر وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے لاہور میں نامزد صوبائی وزیر اسد کھوکھر کے بیٹے کی دعوت ولیمہ میں فائرنگ کے واقعہ کا نوٹس لے لیا، فائرنگ اور سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے آئی جی پنجاب سےرپورٹ طلب کر لی ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ غفلت کے ذمہ داروں کا تعین کر کے مزید کارروائی کی جائے۔ سکیورٹی کے انتظامات کے حوالے سے بھی جامع انکوائری جائے اور گرفتار ملزم کے خلاف قانون کے تحت کارروائی کی جائے۔
دوسری طرف ملزم ناظم نے پولیس کو ابتدائی بیان ریکارڈ کروا دیا۔
مزید برآں وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے فائرنگ سے نامزد صوبائی وزیر اسد کھوکھر کے بھائی مبشر کھوکھر کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے اسد کھوکھر اور لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فائرنگ سے آپ کے بھائی کے جاں بحق ہونے پر دلی دکھ اور رنج ہوا ہے ۔ اللہ تعالی آپ کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ آمین۔