لاہور کی مقامی عدالت نے شوگر اسکینڈل کیس میں قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت میں 16اگست تک توسیع کردی۔
مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز شوگر اسکینڈل کیس کی عبوری ضمانت میں توسیع کیلئے سیشن کورٹ لاہور پیش ہوئے۔
شہباز شریف نے عدالت کے روبرو مؤقف اختیار کیا کہ قومی اسمبلی کا اجلاس جاری ہے، وہ عدالت کے احترام میں یہاں پہنچے ہیں۔
عدالت نے کہا کہ آپ حاضری معافی کی درخواست دے دیں، قبول کرلیں گے،جس پر ایف آئی اے کے وکیل نے کہا کہ ہم نے اپنی کارروائی کی رپورٹ پیش کردی ہے۔
حمزہ شہباز کے وکیل نے کہا کہ دو جولائی کو انہیں نوٹس جاری کیا گیا، ایف آئی اے نے یہ بھی نہیں دیکھا کہ وہ نوٹس جاری کرنے کے مجاز ہیں یا نہیں، اس کا جواب داخل کروا رہے ہیں۔
عدالت نے دلائل کے بعد کیس کی سماعت 16اگست تک ملتوی کردی۔