Aaj Logo

اپ ڈیٹ 31 جولائ 2021 01:15pm

ترکی کے مختلف صوبوں میں خوفناک آتشزدگی، سوشل میڈیا پر ٹاپ ٹرینڈ

Welcome

ترکی کے درجنوں صوبوں کے جنگلات اور دیہات آگ کی لپیٹ میں آگئے ہیں جس کے بعد پاکستانیوں کی جانب سے "PrayForTurkey" کا دعائیہ ٹرینڈ سوشل میڈیا پر سرفہرست ہے۔

آتشزدگی کے باعث ترکی کے کئی شہروں کا درجہ حرارت بڑھ گیا ہے اور گرمی کی شدت میں بھی اضافہ ہوگیا ہے، آگ کے نتیجے میں تاحال 4 افراد ہلاک اور 180 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں جبکہ ہزاروں فائر فائٹرز آگ پر قابو پانے کی کوششوں میں مصروف ہیں

مقامی ترک میڈیا کے مطابق ترکی میں 48 گھنٹوں کے دوران 81 صوبوں میں سے 21 صوبوں میں 44 مختلف مقامات پر جنگل میں آگ لگی ہے جبکہ ان میں سے 23 مقامات پر آگ پر قابو پالیا گیا ہے۔ لیکن موالہ، اڈان، انطالیہ، کرمان، کٹاہیہ، مرسین، اڈانا، عثمانیے اور قیصری سمیت 21 مختلف علاقوں میں آگ اب بھی بدستور جاری ہے اور جاری آگ میں سب سے زیادہ تباہی انتالیا کے ضلع منا گت میں ہوئی ہے۔

چار مختلف جنگلاتی علاقوں میں لگی آگ تھوڑی ہی دیر میں رہائشی علاقوں کی طرف بڑھ گئی جس کے بعد منا وگت کے میئر سکرو سزن نے اعلان کیا کہ ضلع کے کم از کم سات محلے غیر آباد ہوچکے ہیں۔

ایسے حالات میں پاکستانیوں کی جانب سے ترکی کی عوام سے اظہار یکجہتی کا مظاہرہ کیا جارہا ہے اور پاکستانی سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے “پرے فار ترکی” کا ٹرینڈ سوشل میڈیا پر سر فہرست ہے۔

واضح رہے کہ ترکی کے آتش زدگی سے متاثر ہونے والے علاقوں میں گرمیوں میں آگ لگنے کے واقعات رونما ہوتے رہے ہیں۔ البتہ ماضی میں بعض اوقات حکام ان آگ لگنے کے واقعات میں کرد عسکریت پسندوں کے ملوث ہونے کا بھی الزام عائد کرتے رہے ہیں۔

ٹی آر ٹی کے مطابق حالیہ دنوں میں جنوبی علاقوں مرسین، عثمانیہ، آدانا، انطالیہ اور قہرمان مرعش میں آتش زدگی کے واقعات پیش آ چکے ہیں۔

جنگلات میں لگنے والی آگ سے جو علاقے متاثر ہوئے ہیں یہ سیاحت کے لیے مشہور ہیں۔

Read Comments