Aaj Logo

شائع 24 جولائ 2021 11:42am

آزاد کشمیر انتخابات: پولنگ سامان کی ترسیل کا آغاز، ووٹنگ کل ہوگی

آزاد کشمیر میں اقتدار کے لئے طبلِ جنگ بج چکا ہے جس کا میدان سجے گا۔ آزاد کشمیر میں پولنگ کل ہوگی، جبکہ پولنگ سامان کی ترسیل کا آغاز ہوگیا ہے، قانون ساز اسمبلی کی 45 نشستوں کیلئے 32 لاکھ سے زائد ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے، تحریک انصاف، ن لیگ اور پیپلز پارٹی میں تگڑا مقابلہ متوقع ہے۔

تخت مظفرآباد پر حکمرانی کے لئے سیاسی جماعتوں کو دیا گیا انتخابی مہم کا وقت تمام ہوگیا۔ بلا چلے گا یا تیر، شیر دھاڑے گا یا ترازو کی ہوگی جیت، فیصلے میں بس ایک دن باقی ہے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے آزاد کشمیر کے 33 اور مہاجرین مقیم پاکستان کے 12 انتخابی حلقوں میں امیدواروں نے ووٹرز کو منانے کے لئے خوب انتخابی مہم چلائی۔ 24 جولائی کو ووٹرز اور امیدواران ایک دن کا آرام کرینگے جبکہ الیکشن کمیشن کا عملہ 25 جولائی کے لئے پولنگ کی تیاریوں کو حتمی شکل دے گا۔

اتوار کے روز 32 لاکھ 20 ہزار 546 ووٹرز 742 امیدواران میں سے خفیہ رائے دہی سے اپنے نمائندگان کا انتخاب کریں گے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابی عمل کے لئے 45 حلقوں میں مردوں کے 1398 خواتین کے 1353 اور مشترک 1992 سمیت کل 6139 پولنگ اسٹیشن قائم کئے جائیں گے۔

آزاد کشمیر میں انتخابی عمل کو شفاف بنانے کے لئے پریزائڈنگ آفیسرز سمیت 250 افسران کو مجسٹریٹ کے برابر اختیارات دیئے جائیں گے۔

Read Comments