ڈی جی خان :ڈیرہ غازی خان میں مسافر بس اور ٹرک میں خوفناک تصادم کے نتیجے میں 34 افراد جاں بحق اور 48 زخمی ہوگئے۔
ڈیرہ غازی خان میں ٹریفک کا خوفناک حادثہ انڈس ہائی وے پر جھوک یار شاہ کے مقام پر پیش آیا، سیالکوٹ سے پنجاب کے ضلع راجن پور جانے والی تیز رفتار مسافر بس اوورٹیک کرتے ہوئے بے قابو ہوکر مخالف سمت سے آنے والے ٹرک سے جا ٹکرائی۔
خوفناک حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد 34ہوگئی جبکہ 48افراد زخمی ہوئے،جاں بحق ہونے والوں میں خواتین اوربچے بھی شامل ہیں ۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں ،جنہوں نے لاشوں اور زخمیوں کو ٹیچنگ اسپتال منتقل کردیا۔
حادثے کے بعد ٹیچنگ اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی،ڈاکٹروں کے مطابق 10زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔
وزیراعلی پنجاب کا ڈیرہ غازی خان ٹریفک حادثے پر دکھ اور افسوس کا اظہار
دوسری جانب وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے ڈیرہ غازی خان ٹریفک حادثے میں انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہارکرتےہوئے کمشنر اور آر پی او سے رپورٹ طلب کرلی ۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے حادثے میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اورزخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے ہدایت کردی۔
عثمان بزدارکی ہدایت پر ڈیرہ غازی خان کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔