بھارت میں سونو سود کے 7 سالہ مداح سے اتنا بھی برداشت نہ ہوا کہ کوئی ان کے پسندیدہ اداکار کو فلم میں بھی ہاتھ لگائے۔ جب اس نے فلم کے ایک سین کے دوران اپنے پسندیدہ اداکار سونو سود کی پٹتے دیکھا تو غصے میں ٹی وی ہی توڑ دیا۔
بھارتی ریاست تلنگانا کے ضلع سنگاریڈی کے ایک چھوٹے سے گاؤں میں 7 سالہ بچہ اپنی فیملی کے ہمراہ تیلگو اسٹار مہیش بابو کی فلم دیکھ رہا تھا، جس میں اداکار سونو سود نے ولن کا کردار ادا کیا۔ فلم کے ایک سین کے دوران جب ہیرو ولن کی پٹائی کررہا تھا تو یہ سین سونو سود کے ننھے مداح سے برداشت نہ ہوا اور اس نے غصے میں آکر اپنا ٹی وی اٹھا کر پٹخ دیا۔
ماں نے غصے میں آکر بچے کی پٹائی کی تو اس نے جواب دیا کہ میں اپنا پسندیدہ اداکار سونو سود کو مار کھاتے ہوئے نہیں دیکھ سکتا، یہ ہوتا کون ہے سونو سود کو مارنے والا، میں یہ برداشت نہیں کرسکتا۔
جس پر ماں نے کہا کہ یہ تو فلم چل رہی ہے اور بچے سے سوال کیا کہ آپ سونو سود کو کیسے جانتے ہو؟ جس پر اداکار کے ننھے مداح نے جواب دیا، کیا سونو سود نے لاک ڈاؤن کے دوران لاکھوں لوگوں کی مدد نہیں کی تھی اور میں فلم میں بھی سونو سود کی پٹائی برداشت نہیں کرسکتا۔
واضح رہے کہ بھارت میں گزشتہ سال سے کورونا وبا کے باعث دیگر شعبوں سمیت بولی وڈ فلم انڈسٹری بھی مشکلات کا شکار ہے۔ ایسے میں فلم اسٹار شوٹنگ نہ ہونے کے باعث سماجی کاموں میں سرگرم ہیں اور معاشی مشکلات کے شکار بھارتی شہریوں کی مختلف طریقوں سے مدد کررہے ہیں۔
بھارت کے نامور اداکار سلمان خان سے لے کر اکشے کمار تک، سب ہی کورونا وائرس سے نبرد آزما بھارتیوں کی مالی مدد کررہے ہیں، اداکار سونو سود نے بھی لاک ڈاؤن کے دوران شہریوں کی مدد میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا جس کے باعث ان کی شہرت میں بے پناہ اضافہ ہوا اور انہیں بھارتی وزیراعظم بنانے کا بھی مطالبہ کیا گیا۔ تاہم اب اداکار سے متعلق یہ ایک اور دلچسپ خبر سامنے آئی ہے۔
سونو سود نے اس خبر پر دلچسپ ردعمل کا اظہار بھی کیا ہے۔ انہوں نے اپنے ٹوئٹر پر اس خبر کو شئیر کرتے ہوئے لکھا، ' ارے، اپنے ٹی وی نہ توڑیں۔ اس کے والد مجھ سے اب ایک نیا خریدنے کے لئے کہیں گے۔'