اسلام آباد میں قائم ملک کی انتہائی حساس عمارتوں میں سے ایک "پارلیمنٹ ہاؤس" کے باہر سے ایک مشکوک شخص کو اسلحے سمیت گرفتار کیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق مشکوک شخص بہت دیر تک اسلحے سمیت پارلیمنٹ ہاؤس کے ارد گرد منڈلا رہا تھا، تاہم کسی بھی نقصان کے خدشے کے پیش نظر اسے حکمت عملی کے تحت دیر سے گرفتار کیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق ملزم کے قبضے سے پسٹل برآمد ہوا ہے اور ملزم کو تھانہ سیکرٹریٹ منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں تفتیش جاری ہے۔
پولیس حکام نے بتایا کہ اسلحہ لہرانے والے شخص کی شناخت ملک سہیل کے نام سے ہوئی ہے، اور وہ چکری کا رہائشی ہے، جب کہ ملزم کی عمر 45 سال ہے، بظاہر اس کا دماغی توازن درست نہیں ہے، تاہم پولیس اس کا ریکارڈ چیک کر رہی ہے۔
واضح رہے کہ پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر گھومنے والے اسلحہ بردار مشکوک شخص کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے جس میں واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے کہ شلوار قمیض میں ملبوس منہ پر ڈھاتا باندھے مشکوک شخص ایک ہاتھ میں پسٹل اور دوسرے ہاتھ آہنی شے لئے دیدہ دلیری کے ساتھ سڑکوں پر مٹر گشت کررہا ہے، جب کہ پولیس اہلکار کسی بھی کارروائی سے گریز کرتے ہوئے اس پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں۔