Aaj Logo

شائع 02 جولائ 2021 11:20pm

'موثر منصوبہ بندی کیلئے پرائیوٹ سیکٹر سے رائے لی جائے'

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی رابطہ کمیٹی برائے ہاؤسنگ کا اجلاس ہوا ہے۔ اجلاس میں وزیراعظم نے کہا کہ منصوبہ بندی کو موثر بنانے کے لئے پرائیوٹ سیکٹر کے ماہرین سے رائے لی جائے۔

وزیراعظم کی زیر صدارت قومی رابطہ کمیٹی برائے ہاؤسنگ، تعمیرات وترقی کا اجلاس ہوا، اجلاس کو راولپنڈی لئی بزنس ڈسٹرکٹ منصوبے کے بارے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

مشیروزیراعلی پنجاب ڈاکٹرسلمان شاہ نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ اس منصوبے سے راولپنڈی نالہ لئی کے دونوں اطراف ایکسپریس وے کی تعمیر، نالہ لئی کی صفائی اور اطراف میں بزنس ڈسٹرکٹ کی تعمیر شامل ہیں۔اس منصوبے کی بدولت سیلابی صورتحال سے شہریوں کی جان و مال کا تحفظ ممکن ہو سکے گا۔

اجلاس کو سلمان شاہ نے مزید بتایا کہ یہ منصوبہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل کے تحت چلایا جائے گا جس میں حکومت صرف اراضی فراہم کرے گی۔ اس منصوبے کے تحت مجوزہ بزنس ڈسٹرکٹ سے کثیر معاشی فوائد کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔

اجلاس کو منصوبے کے لیے درکار قانونی ترامیم ، انتظامی ڈھانچے اور ٹائم لائنز کے بارے بھی آگاہ کیا گیا۔

چیف سیکریٹری پنجاب نے اجلاس کو گجرانوالہ ڈیویلپمنٹ پلان پر بریفنگ دی۔

اجلاس کو بتایا گیا کے گجرانوالہ کے لیے مالی سال 22-2021 صوبائی اور وفاقی ترقیاتی پروگرام میں 40 منصوبے شامل کئے گئے ہیں جن میں زراعت، صنعت، سڑکوں کی تعمیر و مرمت، ماحولیاتی تحفظ، پینے کا پانی اور سیوریج شامل ہیں ۔

وزیراعظم نے دونوں منصوبوں کی افادیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ان سے معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا اور شہریوں کو براہ راست فوائد حاصل ہوں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ منصوبہ بندی کو موثر بنانے کے لئے پرائیوٹ سیکٹر کے ماہرین سے رائے لی جائے۔ منصوبوں سے بہترین معاشی فوائد حاصل کرنے کے لیے متبادل پلان بنائے جائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سرکاری اراضی واگزار کرانے کو ترجیح دی جائے۔ منصوبوں سے متعلق اہداف کو مقررہ اور طے شدہ مدت کے اندر مکمل کیا جائے۔

Read Comments