وزیراعظم کے سابق معاون خصوصی زلفی بخاری نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرادری کو 22 کروڑ79 لاکھ 62 ہزار روپے کے ہرجانے کا نوٹس بھیج دیا ہے۔
اپنے ٹویٹر پیغام میں شیئر کیے گئے ہرجانے کے نوٹس میں زلفی بخاری نے بلاول بھٹو سے اپنے بیان پر نیشنل میڈیا پر معافی مانگنے، آئندہ اس طرح کی بیان بازی سے گریز کرنے اور 14 دن کے اندر معافی مانگنے کا مطالبہ کیا ہے۔
گزشتہ روز بلاول بھٹو نے زلفی بخاری کے مبینہ اسرائیل کے دورے سے متعلق بیا ن دیا تھا۔
زلفی بخاری کا کہنا ہے کہ بلاول کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ دائر کرنے کا فیصلہ قانونی ٹیم سے مشاورت کے بعد کیا ہے۔ بلاول بھٹو نے حال ہی میں میرے خلاف غیر ذمہ دارانہ بیان دیا۔
زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ ناسمجھی کے باعث بلاول بھٹووہ سب بول جاتے ہیں جو انہیں بتایا جائے۔گزشتہ روز پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا تھا کہ حکومت زلفی بخاری کے مبینہ دورہ اسرائیل کی تفصیلات سامنے لائے۔