احتساب عدالت کوئٹہ نے قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچانےکا جرم ثابت ہونے پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر فوڈ بلوچستان سعید احمد مینگل اور اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر امیر بخش کھوسہ کو مجموعی طور پر 12سال قید اور 10کروڑ روپے جرمانے کی سزا سنادی ہے۔
احتساب عدالت کوئٹہ کے جج جناب اللہ داد روشان نےنیب بلوچستان کی تحقیقات اور ملزم کے خلاف ناقابل تردید ثبوتوں کی روشنی میں فیصلہ سنایا۔ نیب کی جانب سے اسپیشل پراسیکیوٹر راشد زیب گولڑہ نے کیس کی پیروی کی۔
نیب بلوچستان کی تحقیقاتی ٹیم نےملزمان کے خلاف تحقیقات کاآغاز کیاتو معلوم ہوا کہ ملزم اسسٹنٹ ڈائریکٹر فوڈ بلوچستان سعید احمد مینگل نے پراجیکٹ ڈائریکٹر ضلع جعفرآباد، نصیرآباد اور جھل مگسی کی حیثیت سے مختلف پی آر سی سینیٹرز سے صرف کاغذات کی حدتک گندم کی بوریاں خریدیں۔
محکمہ خوراک کےگودام کے ریکارڈ اور فیلڈ وزٹ سے یہ بات واضح ہوگئی کہ ملزم سعید احمد مینگل اور امیر بخش کھوسہ نے ملی بھگت سے گندم کی بوریاں ناتو خریدیں اور ناہی محکمہ خوراک کے گودام میں جمع کروائیں ۔ اس طرح ذاتی فائدے اور کرپشن کے ذریعے ملزمان نے قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچایا۔
نیب بلوچستان ملزمان کے خلاف تحقیقات مکمل کرکے ریفرنس احتساب عدالت میں جمع کرادیا تھا۔ جس پر معزز احتساب عدالت کوئٹہ نے فیصلہ سناتے ہوئے دونوں ملزمان کو قید و جرمانے کی سزا سنادی ہے۔