سڈنی:سابق آسٹریلوی لیگ اسپنر شین وارن پیسوں کی لالچ میں اپنے ملک کے بجائے آئی پی ایل کھیلنے والے کھلاڑیوں پر برس پڑے ۔
شین وارن کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ پیسے کمانے کا حق ہے لیکن صرف انٹرنیشنل کرکٹ سے ،کھلاڑی خاص طور پر ٹیسٹ کرکٹ کھیلیں اور بہترین ٹیموں کیخلاف اپنی صلاحیتوں کا جائزہ لیں ۔
سابق آسٹریلوی کرکٹر نے کہا کہ اگر کوئی کھلاڑی قومی ٹیم کیلئے کھیلنا چاہتا ہے اور پھر بھی وہ اپنے ملک پر آئی پی ایل کو ترجیح دے تو ایسے کھلاڑیوں کو ٹیم میں رکھنے کا کوئی فائدہ نہیں،ورنہ ایسا ہو گا کہ کھلاڑی ٹیسٹ میچ سے ریسٹ بھی لیں گے اور اپنے ملک کیلئے کھلاڑیوں کی نمائندگی میں بھی کمی آئے گی۔
شین وارن نے مزیدکہا کہ ایسے کھلاڑی پیسوں کیلئے کھیلتے رہیں گے ، کھلاڑیوں کیلئے ایسی صورتحال میں فیصلہ کرنا مشکل ہو جاتا ہے جب اسے فرنچائز کی جانب سے کم وقت میں زیادہ پیسے دئیے جاتے ہیں جبکہ اپنے ملک کیلئے ٹیسٹ کھیلنے پر زیادہ وقت میں کم پیسے دئیے جاتے ہیں ۔