پاکستانی شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی شخصیات اکثر تصاویر، حُلیے اور بیانات کی وجہ سے سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث بن جاتے ہیں۔ ان دنوں پاکستانی اداکارہ و ماڈل آمنہ الیاس اپنے لباس کی وجہ سے تنقید کی زد میں ہیں۔
آمنہ الیاس انسٹاگرام پر کافی متحرک ہیں۔ اداکارہ اکثر اپنی مزاحیہ ویڈیوز کے ذریعے سماجی مسائل پر روشنی ڈالتی ہیں۔
آمنہ الیاس نے گزشتہ رات انسٹاگرام پر اپنی ایک تصویر شیئر کی جس میں وہ سفید لباس زیب تن کیے ہوئے تھیں جو ان کے گٹھنوں سے کچھ اوپر تھا۔ یہ ایک فراک کی طرز کا اسکرٹ تھا۔ مداحوں نے آمنہ الیاس کے اس لباس کو مختصر قرار دیتے ہوئے شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ جبکہ کچھ نے ان کی تعریف بھی کی۔
پاکستانی اداکارہ منال خان نے ان کی تصویر پر "سو سویٹ" لکھا۔ تو شازیل شوکت نے بھی انہیں ڈزنی کی پرنسس قرار دیا۔
جبکہ ماری واسطی نامی صارف نے انہیں خبردار کرتے ہوئے تبصرہ کیا کہ 'اخلاقیات کے سبق کیلئے تیار ہوجائیں۔'
سوشل میڈیا صارف انشرا خان نے لکھا،' کیا اس طرح کے بیہودہ کپڑوں کی پاکستان میں اجازت ہے؟'
کائنات بٹ نامی صارف لکھتی ہیں، 'کیا یہ اسلامی جمہوریہ پاکستان ہے؟'
محمد عمر نے لکھا، 'ابھی تین چار دن پہلے ہی عمران خان نے اللہ اور اس کر رسول ﷺ کے حکم کو بتاتے ہوئے کہا کہ مختصر کپڑے نہ پہنو، اور آج یہاں بغاوت ہوگئی۔'
اسی طرح کے کئی کمنٹس آمنہ الیاس کی تصویر پر دیکھنے کو ملے جن میں مثبت جبکہ زیادہ تر اختلافی تھے۔ جنہیں آپ آمنہ الیاس کی ذیل میں موجود تصویر پر دیکھ سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ ماڈلنگ سے شوبز انڈسٹری میں قدم رکھنے والی آمنہ الیاس نے 2013 میں فلم "زندہ بھاگ" میں اداکاری کے جوہر دکھائے تھے۔ آمنہ الیاس کو فلم "باجی" سے شہرت ملی تھی۔