جوہر ٹاؤن دھماکے کی تفتیش میں پیشرفت ہوئی ہے اور پیٹر پال ڈیوڈ کی ساتھی خاتون کو حراست میں لے لیا گیا۔
تفتیشی ذرائع کے مطابق زیر حراست خاتون کی شناخت کرن کے نام سے ہوئی، کرن اور ڈیوڈ پال لوئر مال پر واقع ہوٹل میں ملتے رہے۔
تفتیشی ذرائع کےمطابق خاتون کی گرفتاری کے بعد زیر حراست افراد کی تعداد 9 ہوگئی۔
زرائع کے مطابق گاڑی کو دھماکے کے مقام تک پہنچانے والے شخص کی تلاش جاری ہے۔
واضح رہے کہ دھماکے میں استعمال کار کو ناکے پر چیک کرنے والا اہلکار اینٹی وہیکل لفٹنگ سسٹم سے تھا جس کا بیان بھی ریکارڈ کرلیا گیا۔
اہلکار نے لیبارٹری اور سپردداری کی فائل طلب کی اور کوائف کی پڑتال کے بعد کار سوار کو جانے دیا۔ پولیس اہلکار سے دہشتگرد کا حلیہ اور قد و قامت پوچھی گئی۔
جاری کی گئی تصویر کے مطابق گاڑی کے ڈرائیو نے چہرے پر ماسک جبکہ سر پر ٹوپی پہنی تھی، جس کی ٹریکنگ کیلئے لوکل کیمروں کی مدد لی جا رہی ہے۔
نیلی شلوار قمیض میں ملبوس شخص گاڑی کھڑی کرکے مولانا شوکت علی روڈ تک پیدل گیا، تحقیقاتی ٹیموں کو شبہ ہے کہ ڈرائیور یتیم خانہ چوک سے بس میں سوار ہو کر شہر سے نکلا۔
تحقیقاتی ٹیموں نے تمام بس اڈوں کا ریکارڈ اور فوٹیج حاصل کرنی شروع کر دی۔ کار ڈرائیور کی تلاش کیلئے موٹروے پولیس سے بھی مدد لی جا رہی ہے۔