Aaj Logo

شائع 23 جون 2021 08:35pm

جوہر ٹاؤن ھماکا،غیر ملکی بارودی مواد استعمال،رپورٹ

جوہر ٹاؤن لاہور دھماکے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ تیار کر لی گئی۔ کار میں 15 سے 20 کلوگرام غیر ملکی بارودی مواد استعمال کیا گیا، جائے وقوعہ کی جیوفنسنگ مکمل، فرانزک شواہد بھی اکٹھے کر لئے گئے۔

دھماکے سے قبل جائے وقوعہ کے قریب پارک کی گئی مشکوک گاڑی کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آ گئی۔

جوہر ٹاؤن دھماکے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق ایک کار میں 15 سے 20 کلوگرام غیر ملکی دھماکہ خیز مواد استعمال ہوا، نقصان کی شدت میں اضافے کیلئے بارودی مواد کے ساتھ بال بیئرنگ اور کیل کا استعمال بھی کیا گیا۔

کنٹرول ڈیوائس سے کئے گئے دھماکے کے باعث جائے وقوعہ پر تین فٹ گہرا اور 8 فٹ چوڑا گڑھا پڑا۔

پولیس ذرائع کے مطابق بلاسٹ سے قبل علاقے کی ریکی کی گئی، واقعے میں مبینہ طور پر استعمال ہونے والی گاڑی کی سی سی ٹی وی بھی منظر عام پر آ گئی۔

فوٹیج کے مطابق دھماکے سے آدھا گھنٹہ قبل نیلی شلوار قمیض میں ملبوس ایک شخص، کالے رنگ کی کرولا کار کو گلی کے کونے پر پارک کر کے غائب ہو جاتا ہے۔

سی ٹی ڈی اور فرانزک ٹیموں نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لئے ہیں، علاقے کی جیو فینسنگ مکمل کر لی گئی، جائے وقوعہ کے قریب گاڑی یا موٹر سائیکل پارک کرنے والے مشتبہ افراد کی لوکیشن ٹریس کرنے کی کوشش جاری ہے۔

Read Comments