پنجاب اسمبلی میں غیر سرکاری ارکان کے سوالوں پر متعلقہ وزیر کی عدم حاضری پر اسپیکر پنجاب اسمبلی نے برہمی کا اظہار کیا۔ حکومت نے تین نئی یونیورسٹیز سمیت چھ بل منظوری کیلئے ایوان میں پیش کر دئیے۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہیٰ کی زیر صدارت اجلاس میں غیر سرکاری ارکان کے سوالات کیلئے متعلقہ وزیر کی عدم موجودگی پر اسپیکر پرویز الہیٰ نے برہمی کا اظہار کیا۔
انہوں نے قرار دیا کہ پارلیمانی سیکرٹری کے بجائے وزیر کو اپنے محکمے کے سوالوں کے جواب دینے چاہئیں۔ وزیر ہائیر ایجوکیشن راجہ یاسر ہمائیوں کی عدم حاضری پر اسپیکر نے محکمہ سے متعلق سوالات مؤخر کر دئیے۔ حکومت نے دی پنجاب ہولی، قرآن ترمیمی بل پرنٹنگ اینڈ ریکارڈنگ 2021، پرونشل اسمبلی آف دی پنجاب پریویلیج ترمیمی بل، دی قرشی یونیورسٹی ترمیمی بل، انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ اینڈ اپلائیڈ سائنسز خانیوال، ایسپائر یونیورسٹی لاہور اور پنجاب ریگولرائزیشن آف سروس ترمیمی بل منظوری کیلئے ایوان میں پیش کئے۔
اسپیکر نے تمام بلز سپیشل کمیٹی کے سپرد کرکے دو ماہ میں رپورٹ طلب کر لی، کارروائی مکمل ہونے پر اجلاس 23 جون کی دوپہر 2 بجے ملتوی کر دیا گیا۔