وفاقی وزیر اقتصادی امورعمر ایوب خان کہتے ہیں حکومت نے توانائی کے شعبے کی استعداد کار بڑھانے کےلئے دوررس اصلاحات متعارف کرائی ہیں۔
پیرکوقومی اسمبلی میں بجٹ پربحث میں حصہ لیتےہوئےانہوں نے کہاکہ ن لیگ کی سابقہ حکومت نے بجلی کے مہنگے معاہدے کئے اور ملک کو بھاری ادائیگیوں کی صورت میں ان معاہدوں کے نتائج بھگتنے پڑے۔
انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے چار ہزارمیگاواٹ کے قابل تجدید تونائی منصوبے روک دیے تھے۔
انہوں نےکہا ہم نےقابل تجدید توانائی پالیسی بنائی اورمجموعی پیداوارمیں قابل تجدیدتوانائی کاحصہ بڑھانےکےلئےان منصوبوں کودوبارہ شروع کیا۔ان منصوبوں سے ملک کو اگلے 15 سال میں 4ہزار ارب کا فائدہ ہوگا۔
وفاقی وزیر نے کہا تحریک انصاف کی حکومت نے قطر کے ساتھ ایل این جی کا سستا معاہد کیا جس سے ملک کو دس سال میں 3ارب 50کروڑ ڈالر کی بچت ہوگی۔
انہوں نے کہاکہ ہم نے بجلی کی تقسیم اور ترسیل کے نظام میں بہت بڑی سرمایہ کاری کی ہے. گردشی قرضے کا مسئلہ حل کرنےکےلئےبھی اقدامات کئے جارہے ہیں۔