امریکی شہر نیویارک کے علاقے برونکس میںں دو بچے معجزانہ طور پر موت کو دغا دے گئے۔ 10 سالہ لڑکی اور اس کے 5 سالہ بھائی کے گرد کئی گولیاں لگیں تاہم وہ دونوں مکمل طور پر محفوظ رہے۔ واقعے کو سیکیورٹی کیمرے کی آنکھ نے محفوظ کر لیا۔
جمعے کو نیویارک پولیس کی جانب سے جاری ویڈیو میں سیاہ لباس میں ملبوس ایک مسلح شخص کو برونکس کی ایک سڑک پر اپنے شکار کا پیچھا کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
انگریزی اخبار "ڈیلی نیوز" نے جائے وقوع پر ایک عمارت میں 30 برس سے مقیم 53 سالہ جونی کے حوالے سے بتایا کہ 'مسلح شخص کا ساتھی اسکوٹر پر انتظار کرتا رہا جب کہ مسلح شخص نے اپنے 24 سالہ ہدف حسن رائٹ کا تعاقب کرتے ہوئے اس پر گولیاں چلائیں۔ موٹر سائیکل سوار چیخ کر کہہ رہا تھا کہ 'اسے قتل کر دو ، اسے قتل کر دو'۔
حسن نے فٹ پاتھ پر بھاگ کر اپنی جان بچانے کی کوشش کی جب کہ اس ہنگامہ آرائی کے دوران میں وہاں پیدل چلنے والے لوگ بھاگ کر محفوظ جگہ تلاش کرنے لگے۔
جونی کے مطابق حسن بھاگتا ہوا فٹ پاتھ پر دو بچوں سے ٹکرا گیا۔ اس کے نتیجے میں وہ تینوں زمین پر گر گئے۔ مسلح شخص نے دونوں بچوں کی جانوں کی پروا کیے بغیر حسن پر کم از کم چھ فائر کیے۔
ویڈیو سے ظاہر ہو رہا ہے کہ فائر کے وقت یہ بچے گولیوں سے محض چند انچ کے فاصلے پر تھے۔ بچے تو معجزانہ طور پر بچ گئے، تاہم حسن پنڈلی میں گولیاں لگنے سے زخمی ہو گیا۔ اسے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا، اب اس کی حالت بہتر ہے۔