سعودی عرب میں افرادی قوت اورسماجی بہبود کی وزارت میں لیبر پالیسیوں کےاسسٹنٹ انڈر سیکریٹری احمد الشرقی کا کہنا ہے کہ مذکورہ وزارت دیگر سرکاری اداروں کے تعاون سے اہم منصبوں پر مقامی شہریوں کے تقرر پر غور کر رہی ہے۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق الشرقی کا کہنا تھا کہ وزارتِ افرادی قوت و سماجی بہبود کمپنیوں میں اہم مناصب پر مقامی افراد کے تقرر کے سلسلے میں انتہائی لچک کا راستہ تلاش کرنے کی خواہاں ہے۔
وزارت نے متعلقہ پروگرام 'نطاقات' کے نفاذ کےلئے آئندہ دسمبر کے اوائل کا وقت مقرر کیا ہے۔ اس پروگرام کا مقصد آئندہ تین برسوں کے دوران میں 3.8 لاکھ ملازمتوں پر سعودی نوجوان مرد اور خواتین کا تقرر ہے۔
وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود میں ڈائریکٹر جنرل پالیسیز ریاض العبد الکریم نے نطاقات پروگرام کے عنوان سے ایک ورکشاپ کے دوران میں بتایا کہ اس پروگرام نے مملکت میں اجرت کی کم از کم سطح کو بڑھا کر 4000 ریال ماہانہ کردی ہے۔