سعودی وزارت حج کی جانب سے رواں سال حج کے لیے تین بیکجز کی منظوری دی گئی ہے۔ تاہم رواں سال صرف سعودی شہری اور رہائشی حج کر سکیں گے۔
سعودی حکومت کی ایک وزارت کا کہنا ہے کہ ’محرم کے بغیر خواتین سمیت حج کا ارادہ رکھنے والے تمام افراد حج کے لیے آن لائن رجسٹر کروا سکتے ہیں۔‘
اتوار سے شروع ہونے والی رجسٹریشن کا عمل 23 جون رات 10 بجے تک جاری رہے گا۔ پہلے رجسٹر کرنے والوں کو ترجیح دینا نظام کا حصہ نہیں۔
تین منظور شدہ پیکجز کی قیمت 16 ہزار 560.5 سعودی ریال، 14 ہزار 381.95 سعودی ریال اور 12 ہزار 113.95سعودی ریال ہے۔ جبکہ ویلیو ایڈڈ ٹیکس ہر پیکج میں شامل کیا جائے گا۔
وزارت حج اور عمرہ کی ویب سائٹ کے مطابق ’لوگوں کو مقدس مقامات تک بسوں کے ذریعے پہنچایا جائے گا اور ہر بس میں 20 زائرین ہوں گے۔‘
زائرین کو منیٰ میں روزانہ تین وقت کا کھانا فراہم کیا جائے گا اور عرفات میں دو وقت یعنی ناشتہ اور دوپہر کا کھانا دیا جائے گا۔رات کا کھانا مزدلفہ میں ہوگا۔
دیگر کھانے پینے کی سہولیات بھی دستیاب ہوں گی، تاہم زائرین کو مکہ سے باہر اپنا کھانا لے جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔
درخواستیں پانچ مراحل سے ہوکر گزریں گی۔
ان میں زائرین کی صحت کا معائنہ اور نیشنل انفارمیشن سینٹر کی جانب سے فراہم کی گئی معلومات کے تحت حج کے لیے اہلیت کا جائزہ شامل ہوگا۔
درخواست منظور ہو جانے کے بعد مذکورہ شخص کو مزید معلومات کے لیے ایک رجسٹریشن نمبر دیا جائے گا۔
کووڈ-19 کا سٹیٹس چیک ہونے کے بعد رقم کی ادائیگی کی تفصیلات کا ایک ٹیکسٹ میسج بھیجا جائے گا۔
وزارت کا کہنا ہے کہ ’حج کے لیے رجسٹر کرنے کا مطلب یہ نہیں کہ حتمی حج پرمٹ حاصل ہوگیا ہے۔‘
وزارت کے مطابق ’حج پرمٹ صرف اس وقت جاری کیا جائے گا جب ایپلی کیشن میں صحت کی تمام ضروری شرائط مکمل ہوں گی۔ وزارت کے پاس کوئی بھی درخواست کسی بھی وقت مسترد کرنے کا حق ہے۔‘
حج پرمٹ کی درخواست بھیجنے سے قبل ایپلی کیشن بھیجنے والے افراد کو اس بات کو تسلیم کرنا ہوگا کہ انہوں نے گذشتہ پانچ برسوں میں حج نہیں کیا، وہ کسی بیماری میں مبتلا نہیں اور انہیں کووڈ-19 نہیں۔
حج کے لیے درخواست دینے والے افراد کو اس بات کی بھی تصدیق کرنا ہوگی کہ وہ گذشتہ چھ ماہ کے دوران کسی دائمی بیماری کی وجہ سے ہسپتال میں داخل نہیں ہوئے تھے۔
ہفتے کو اعلان کیا گیا تھا کہ ’رواں سال جولائی کے وسط میں شروع ہونے والے حج کے لیے 60 ہزار زائرین کو اجازت دی گئی ہے۔‘
حکام کا کہنا تھا کہ ’حج کے خواہشمند افراد 18 سے 65 سال کی عمر کے ہوں اور انہیں کوئی مرض لاحق نہ ہو۔‘
وزارت حج کی ایک ٹویٹ کے مطابق حج ایپلی کیشن کی سکروٹنی کا عمل 25 جون سے شروع ہوگا۔ اس میں یہ بھی لکھا ہوا تھا کہ پیکج کے لیے سلیکشن کے تین گھنٹوں کے اندر اندر رقم کی ادائیگی کرنا ہوگی تاکہ درخواست مسترد نہ کی جائے۔
یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ان افراد کو ترجیح دی جائے گی جنہوں نے پہلے کبھی حج نہیں کیا ہوگا۔