معروف پاکستانی اداکار منیب بٹ نے انکشاف کیا ہے کہ ایک ڈرامے کے سیٹ پر اان کی تین قیمتی گھڑیاں چوری ہوگئی تھیں۔
منیب بٹ نے ایک حالیہ انٹرویو میں بتایا کہ ان کی برانڈڈ گھڑیاں شوٹنگ کے دوران سیٹ سے غائب ہونے پر اسسٹنٹ نے بتایا کہ گھڑیاں اپنی جگہ پر موجود نہیں ہیں۔
منیب بٹ کا کہنا تھا، 'ہم نے کافی تفتیش کی جس پر پتہ چل گیا کہ گھڑیاں کس نے چوری کی ہیں۔ وہ آدمی لوکیشن کا تھا اور جب اسے کال کی گئی تو وہ میری چوری شدہ گھڑیاں بیچنے کے لیے صدر میں موجود تھا۔ جب اسے بتایا گیا کہ ہمیں تمہاری حرکت کا پتا چل چکا ہے تو اس نے فون پر ہی اعتراف کر لیا۔'
منیب بٹ نے بتایا، 'اس آدمی نے فون پر کہا کہ میں نے گھڑیاں ابھی بیچی نہیں ہیں، میں واپس آ جاتا ہوں، بس منیب بھائی سے پوچھیں، وہ مجھے ماریں گے تو نہیں۔'
منیب بٹ نے کہا، 'اس شخص نے آ کر گھڑیاں مجھے واپس کر دیں اور میں نے اسے سمجھایا کہ اس نے جو کیا وہ بہت غلط کام تھا اور آئندہ ایسی حرکت ہر گز نہ کرے۔'