کراچی :پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ اکنامک سروے میں غربت اوربیروزگاری کا ذکر اس لئے نہیں کیا گیا کہ ان دونوں میں تاریخی اضافہ ہوا، بیروزگاری کی شرح میں ریکارڈ اضافہ عمران خان کی تبدیلی کا اصل چہرہ ہے۔
اقتصادی سروےپرردعمل دیتےہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کاکہنا تھا کہ اکنامک سروے میں غربت اور بیروزگاری کا ذکر اس لئے نہیں کیا گیا کہ ان دونوں میں تاریخی اضافہ ہوا،خیبرپختونخوا میں غربت میں تاریخی اضافہ ہوا،جس کی وجہ سے اکنامک سروے سے غربت کا ذکر غائب ہے،ملکی تاریخ میں بیروزگاری کی شرح میں ہونے والا ریکارڈ اضافہ عمران خان کی تبدیلی کا اصل چہرہ ہے۔
بلاول بھٹو کا مزید کہنا تھا کہ غربت اور بے روزگاری کے اعدادوشمار کو چھپانا اور مہنگائی کیلئے بہانہ بنانا مسئلے کا حل نہیں ہے، اگر اکنامک سروے تک میں عوامی مسائل کی درست نشان دہی نہیں ہوگی تو یہ مسئلے کیسے حل ہوں گے، عوام پی ٹی آئی ایم ایف بجٹ کے بوجھ کو اٹھاتے ہوئے مہنگائی، بیروزگاری اور غربت کی صورت میں عمران خان کی نااہلی کی مہنگی قیمت کو بھگت رہے ہیں۔