اسلام آباد ہائیکورٹ نے ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ اے) کو زبردستی زمین حاصل کرنے سے روکتے ہوئے وفاقی دارالحکومت کے علاقے سہالہ میں زمین کی ایکوائر کا نوٹیفکیشن معطل کردیا ۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے 2بیواؤں کی طرف سے ڈی ایچ اے کی جانب سے زبردستی زمین لینے کےنوٹیفکیشن کیخلاف درخواست پر سماعت کی۔
عدالت نے ریمارکس دیئے کہ کیپٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے )کی منظوری کے بغیر ڈی ایچ اے براہ راست کیسےزمین ایکوائر کرسکتا ہے؟۔
عدالت نے ڈسٹرکٹ کلیکٹر، ڈی ایچ اے اور سی ڈی اے کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ڈی ایچ اے کو زبردستی زمین حاصل کرنے سے روک دیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاقی دارالحکومت کے علاقے سہالہ میں زمین کی ایکوائرکا نوٹیفکیشن معطل کرکے 21 جون تک فریقین سے جواب طلب کرلیا۔
یاد رہے کہ لینڈ ایکوزیشن کلیکٹرنے ڈی ایچ اے کیلئے سہالہ میں 188 کنال زمین ایکوائر کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا ۔