Aaj Logo

شائع 10 جون 2021 10:36am

بلاول بھٹو کا حکومت پر قومی خزانے کو ایک ہزار ارب کا نقصان پہنچانے کا الزام

کراچی :پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری نے حکومت پر قومی خزانے کو ایک ہزار ارب کا نقصان پہنچانے کا الزام لگادیا اور کہا کہ قومی خزانے پر ڈاکہ مارنے والے عمران خان اور ان کے ساتھیوں کو ملک سے بھاگنے نہیں دیا جائے گا۔

اپنے بیان میں چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کا بجٹ عوامی نہیں بلکہ سیاسی ہے ،پیپلزپارٹی سلیکٹڈ حکومت کے سلیکٹڈ بجٹ کو ماننے سے انکارکرتی ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے صرف شرح سود میں ردوبدل کرکے قومی خزانے کوایک ہزار ارب روپے تک کا نقصان پہنچایا ہے، عمران خان نے مخصوص سرمایہ داروں کے 2ارب ڈالر بیرون ملک سے منگوائے اورشرح سود 13.25 فیصد مقرر کرکے اپنے دوستوں کو فائدہ پہنچا کرپیسے واپس کردئیے ،عمران بتائیں کہ یہ دو ارب ڈالر کن سرمایہ دار دوستوں کے تھے کہ جن کو فائدہ پہنچانے کے لئے قومی خزانے کو 300 ارب روپے کا نقصان پہنچایا گیا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ آئی ایم ایف نےشرح سود12فیصد تک رکھنے کا کہا تھا،عمران خان نے 13.25 فیصد بڑھاکرسرمایہ داروں کوفائدہ پہنچایا،پاکستان انویسٹمنٹ بونڈزکی شرح سود اچانک تبدیل کردی گئی ،مجموعی طور پر ایک ہزار ارب روپے کی عمران کی چوری پکڑی گئی ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے مطالبہ کیا کہ پی ٹی آئی حکومت کی اس میگا کرپشن پر پارلیمانی انکوائری کی جائے،قومی خزانے پر ڈاکہ مارنے والے عمران خان اوران کےساتھیوں کوملک سے بھاگنے نہیں دیا جائے گا،پیپلزپارٹی اس میگا کرپشن اسکینڈل کے ایک ایک روپے کا عمران خان سے حساب لےگی۔

Read Comments