Aaj Logo

اپ ڈیٹ 10 جون 2021 10:32am

'آئینے کے سامنے کھڑی ہوتی ہوں تولگتا ہے لوگ جھوٹ بول رہے ہیں'

پاکستانی اداکارہ ایمان علی کا کہنا ہے کہ جب میں خود کو شیشے میں دیکھتی ہوں تو مجھے لگتا ہے کوئی خواجہ سرا کھڑا ہے۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں میزبان کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے ایمان علی نے کہا جب موبائل میں سیلفیاں لیتی ہوں تو مختلف زاویوں سے لینے کی کوشش کرتی ہوں کہ شاید اچھی آ جائے لیکن پھر خود کو دیکھتی ہوں تو لگتا ہے کوئی خواجہ سرا کھڑا ہے۔

ایمان علی کا کہنا ہے کہ لوگ مجھے بہت پسند کرتے ہیں اور خوبصورت بھی کہتے ہیں، لیکن جب میں شیشے کے سامنے کھڑی ہوتی ہوں تو مجھے لگتا ہے لوگ جھوٹ بول رہے ہیں۔ مجھے اپنا ظاہر بالکل بھی پسند نہیں حالانکہ لوگ مجھے بے حد پسند کرتے ہیں اور وہ کہتے ہیں کہ آپ بہت خوبصورت ہیں۔

اداکارہ ایمان علی نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ لوگوں میں میری تصاویر نظر نہیں آتی اور نہ ہی میں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بہت زیادہ متحرک ہوں، کیوںکہ جب میں تصاویر ہی نہیں لیتی تو پھر سوشل میڈیا پر کیا کروں گی۔

انہوں نے کہا کہ میں نے دیگر لوگوں کی طرح اپنا کوئی کیمرا مین بھی نہیں رکھا ہوا جو ہر جگہ میری تصاویر بناتا رہے البتہ میں موبائل بہت استعمال کرتی ہوں اور زیادہ تر گیمز کھیلتی ہوں۔

اداکارہ ایمان علی نے کہا کہ وہ شادی شدہ زندگی سے بہت لطف اندوز ہورہی ہیں اور ہر وقت گھومنا پھرنا، اپنے شوہر بابر کے ساتھ پورا، پورا دن نیٹ فلکس دیکھ کر ٹائم گزارنا اچھا لگ رہا ہے۔ حالانکہ شادی سے پہلے مجھے گھومنا اچھا نہیں لگتا تھا کیوں کہ لوگ خود جتنے برے ہوتے ہیں ان کی سوچ ان سے بھی زیادہ گندی ہوتی ہے۔

اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ مجھے شاپنگ کرنا بھی پسند نہیں ہے اس لیے میرے پاس زیادہ کپڑے بھی نہیں ہوتے اور جو ہوتے ہیں وہ بھی کہیں نہ کہیں سے آجاتے ہیں جب کہ سفید رنگ میرا پسندیدہ ہے اس لیے لوگ مجھے زیادہ تر اس لباس میں دیکھتے ہیں۔

Read Comments