Aaj Logo

شائع 10 جون 2021 08:29am

شو کے دوران پی پی رہنما کو تھپڑ مارنے کے بعد وضاحتی بیان

سوشل میڈیا پر ایک کلپ زور و شور سے وائرل ہورہا ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ صوبائی وزیراطلاعات فردوس عاشق اعوان نے پیپلز پارٹی کے رہنما عبدالقادر مندو خیل کو ایک ٹی وی شو کے دوران بحث میں گرما گرمی ہونے کے بعد تھپڑ جڑ دیا اور ساتھ ہی غلیظ قسم کی گالی بھی دے ڈالی۔

لڑائی ہونے کے بعد شو کو آف ایئر کر دیا گیا مگر فریقین کے درمیان لڑائی عروج پر پہنچ گئی اور دونوں نے ایک دوسرے کو غلیظ گالیاں اور دھمکیاں بھی دیں، جبکہ فردوس عاشق اعوان نے عبدالقادر مندوخیل کے منہ پر زور دار تھپڑ دے مارا اور فریق دوم نے بھی فردوس عاشق اعوان کا بازو مروڑ ڈالا۔

اسی حوالے سے فردوس عاشق اعوان کا بیان بھی سامنے آگیا ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کے عبدالقادرمندو خیل نے وقفے کے دوران نہ صرف مجھے گالیاں دیں بلکہ میرے مرحوم والد کو بھی برا بھلاکہا۔ انہوں نے نہ صرف مجھے ہراس کیا، دھمکی دی بلکہ میرے والد کو گالیاں دیں اور مجھے شدید دھمکیاں بھی دیں۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ اس وقت سوشل میڈیا پر جو ویڈیو وائرل ہے وہ مکمل نہیں ہے بلکہ میں چینل سے گزارش کروں گی کہ پوری ویڈیو شیئر کی جائے تاکہ عوام تک یہ حقائق پہنچیں کہ مجھے کس طرح سے انتہائی قدم اٹھانے پر مجبور کیا گیا۔

صوبائی وزیر اطلاعات نے بتایا کہ عبدالقادر نے مسلسل میرے خلاف فحش زبان استعمال کی اور میرے والد کے خلاف نازیبا الفاظ بھی استعمال کیے۔ مندوخیل کی جانب سے اس قسم کے الفاظ استعمال کرنے اور دھمکیاں دینے کی بنا پر میں نے سیلف ڈیفنس میں انتہائی قدم اٹھایا۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں اپنے قانونی ماہرین سے مشاورت کے بعد 62 اور 63 کے تحت نہ صرف وومن ہراسمنٹ بلکہ ہتک عزت کے کیس کے حوالے سے بھی فیصلہ کروں گی کیونکہ قانونی چارہ جوئی کرنا میرا حق ہے۔

ٹوئٹر/فردوس عاشق اعوان

واضح رہے کہ رمضان المبارک کے مہینے میں بھی سیالکوٹ کے اتوار بازار کے وزٹ کرنے کے دوران بھی فردوس عاشق اعوان نے ناقص اور گلے سڑے پھل دکان پر موجود ہونے کی بنا پر غصے ہو کر وہاں کی لیڈی اسسٹنٹ کمشنر کو نہ صرف کھری کھری سنا دی تھیں، بلکہ انہیں بھی گالیوں سے خوب نوازا تھا۔ جس کے بعد سوشل میڈیا پر فردوس عاشق اعوان کے خلاف خوب ٹرینڈ بھی چلایا گیا تھا۔

Read Comments