کراچی: سندھ کے شہر گھوٹکی میں ڈہرکی کے قریب افسوسناک ٹرین حادثے کے بعد کراچی کینٹ اسٹیشن پر بھی ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔
ڈہرکی کے قریب ملت اور سرسید ایکسپریس کو خوفناک حادثہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں 30 مسافر جاں بحق اور درجنوں زخمی ہیں، واقعے کے بعد کراچی کینٹ اسٹیشن پر بھی ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے کمپلین سینٹر قائم کردیا گیا ہے۔
کینٹ اسٹیشن پر غیر معمولی صورتحال ہے لوگ اپنے پیاروں کی خبر لینے کیلئے پریشان ہیں ۔
ادھر ریلو اسٹیشن پر دیگر شہروں کیلئے جانے والے مسافروں کا بھی رش ہے، مسافروں کا کہنا ہے کہ انہیں معلومات میں دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔
ریلوے انتظامیہ کے مطابق ملت ایکسپریس کی بوگیاں پٹڑی سے اتر گئی تھیں، لاہور سے آنے والی سرسید ایکسپریس ملت ایکسپریس کی بوگیوں سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے خوفناک حادثہ رونما ہوا اور قیمتی جانیں ضائع ہوئیں۔