وزیراعظم نے کہا ہے کہ عالمی یوم ماحولیات کی میزبانی پاکستان کیلئے بڑا اعزاز ہے، دنیا نے تسلیم کیا پاکستان کو آئندہ نسلوں کی فکر ہے، خیبرپختونخوا میں ایک ارب درخت لگائے، قدرتی ماحول کی بحالی کیلئے اقدامات کی ضرورت ہے۔
کنونشن سینٹر میں عالمی یوم ماحولیات کی تقریب سے وزیراعظم عمران خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالمی یوم ماحولیات کی میزبانی اعزاز ہے، قدرتی ماحول کی بحالی کیلئے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے، پاکستان واحد ملک جو آئندہ نسلوں کی فکر کرتا ہے، پاکستان سمیت بہت سے ممالک نے ماحولیات پر توجہ نہیں دی.
وزیراعظم نے کہا خیبرپختونخوا میں 5 سال کے اندر ایک ارب درخت لگائے، بدقسمتی سے دنیا میں ماحولیات سے بچاؤ پر توجہ نہیں دی گئی، ہمارے دیکھتے دیکھتے ہی جنگل تباہ کر دیئے گئے، قبضے ہوگئے۔
عالمی یومِ ماحولیات کی میزبانی پہلی بار پاکستان کررہا ہے، جس کی مرکزی تقریب اسلام آباد میں جاری ہے۔ تقریب کیلئے کنونشن سینٹر کو سجادیا گیا ہے، ہر طرف سبزہ ہی سبزہ ہے۔
تقریب میں چینی صدر سمیت دیگر عالمی رہنماؤں کے پیغامات نشر کئے جائیں گے، وزیراعظم عمران خان نے پروگرام کی میزبانی دینے پر اقوام متحدہ سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا ماحول اور آئندہ نسلوں کے تحفظ کے لیے تعاون کریں۔
تقریب میں ماحول دوست الیکٹرک کار اور بائیک بھی لانچ کی جائے گی۔
پاکستان کو عالمی یوم ماحولیات کی میزبانی ایسے ہی نہیں ملی۔ اس کے پیچھے بلین ٹری اور ٹین بلین ٹری جیسے کامیاب منصوبے ہیں۔ جن کا اعتراف عالمی سطح پر بھی کیا جارہا ہے۔
2014 میں خیبرپختونخوا حکومت نے بلین ٹری سونامی منصوبہ شروع کیا۔ کچھ ہی عرصے میں منصوبے کی نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں خوب پذیرائی ہونے لگی۔ غیرملکی سفارتکار ہوں یا عالمی ادارے سب ہی منصوبے کے معترف ہیں۔
2018 میں مرکزی حکومت سنبھالنے کے بعد وزیراعظم عمران خان نے ٹین بلین ٹری سونامی منصوبہ شروع کیا۔
وزیراعظم عمران خان اقوام متحدہ سمیت عالمی فورمز پر بھی ماحولیات کا مسئلہ اٹھاچکے ہیں۔
ٹین بلین ٹری سونامی منصوبےکے تحت ملک بھر میں 10 لاکھ ہیکٹرز پر جنگلات لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔