کاروباری بندشوں سے تنگ کراچی کے تاجروں نے مارکیٹیں آج رات آٹھ بجے تک کھولنے کا اعلان کردیا۔ تمام تاجروں نے قرآن پر حلف لیا۔
تاجر کہتے ہیں حکومت نے گرفتاریاں کیں تو جیل بھی جانے کو تیار ہیں۔
کراچی کے تاجروں نے شام چھ بجے تک کاروبار بند کرنے کا حکم نہ ماننے کا فیصلہ کیا ہے۔ کراچی تاجر ایکشن کمیٹی نے کل سے کاروباری مراکز رات آٹھ تک کھولنے کا اعلان کردیا۔
ڈپٹی کنوینئر تاجر ایکشن کمیٹی حکیم شاہ کا کہنا ہے کہ انتظامیہ اور پولیس نے تاجروں کے ساتھ زیادتی کی یا مارکیٹ سیل کی تو تاجر سڑکوں پر احتجاج کریں گے۔ گرفتاریاں کیں تو جیل بھی جانے کو تیار ہیں۔
کراچی تاجر ایکشن کمیٹی کا مزید کہنا ہے کہ آئندہ ہفتے مارکیٹیں ایک دن بند رکھنے کے حوالے سے بھی فیصلہ کیا جائے گا۔