سندھ حکومت کی پالیسیوں سے نالاں تاجروں نے گورنر راج لگانے کا مطالبہ کر دیا۔
کراچی کے تاجروں نے شہر میں گورنر راج لگانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ نہیں سنتے تو گورنر راج لگایا جائے۔
تاجر رہنما شرجیل گوپلانی نے کہا کہ ظلم کی انتہا ہو رہی ہے وزیراعلیٰ سندھ کو تاجروں کے مسائل کے حوالے سے درجنوں خطوط ارسال کیے لیکن کوئی جواب نہیں ملا۔
انہوں نے کہا کہ تاجروں کے جانب سے سندھ حکومت کو دیئے گئے 72 گھنٹوں کے الٹی میٹم میں سے 24 گھنٹے گزر گئے ہیں۔ اگر سندھ حکومت نے ریلیف نہ دیا تو پھر بات سڑکوں پر ہو گی۔
تاجررہنماء رضوان عرفان نے کہا کہ سندھ حکومت اپنا رویہ درست کرے، تاجروں کی تذلیل بند کی جائے، ہفتہ وار ایک چھٹی اور صبح 8 بجے سے رات 8 بجے تک کاروبار کرنے دیا جائے۔
تاجر برادری نے کہا کہ مینا بازار میں خواتین کی چھوٹی مارکیٹ ہے جس میں تین سو سیلون ہیں، ہمارے 45 سال پرانے کاروبار سے مڈل کلاس خواتین منسلک ہیں جن کے گھر فاقہ کشی کا خطرہ بڑھ گیا ہے، ہمیں ہماری ضروریات کے تحت کاروبار کھولنے کی اجازت دی جائے، آخر کب تک ہم اپنی جیب سے کرایہ اور تنخواہیں دیتے رہیں۔