گزشتہ روز تاجکستان کے صدر امام علی رحمان نے پاکستان کا دورہ کیا، پاکستان میں تاجک صدر کا استقبال شاندار طریقے سے کیا گیا۔ ناصرف زمین پر بلکہ فضا میں بھی صدر امام علی رحمان کا استقبال زبردست طریقے سے کیا گیا۔
تاجک صدر کا طیارہ جیسے ہی پاکستان کی حدود میں داخل ہوا، پاک فضائیہ کے نمبر 18 اسکواڈرن نے اپنے حفاظتی حصار میں لے لیا، اور وہاں سے جے ایف 17 طیاروں کے زریعے بحفاظت طیارے کو اسکارٹ کیا گیا۔
ترجمان پاک فضائیہ کا کہنا ہے کہ فارمیشن لیڈر نے معزز مہمان سے نیک خواہشات کااظہار کیا۔ تاجکستان کے صدرامام علی رحمان نے بھی فارمیشن لیڈدر کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل پاک فضائیہ کی جانب سے چینی صدر کو پاکستان آمد پر بھی جے ایف تھنڈر طیاروں سے سلامی پیش کی جا چکی ہے، چینی صدر شی جنگ پنگ کو طیارے سے اترتے ہی اکیس توپوں کی سلامی دی گئی۔ جیسے ہی چینی صدر کا طیارہ پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہوا، پاک فضائیہ کے 8 جے ایف 17 تھنڈر طیاروں نے انہیں اپنے حفاظتی حصار میں لے لیا اور فضاء میں ہی سلامی دی-
علاوہ ازیں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو بھی پاک فضائیہ کی جانب سے فضائی پروٹوکول پیش کیا گیا تھا-