لاہورسمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں گزشتہ روز سے ہونے والی بارش اور آندھی کے باعث مختلف حادثات میں 16 افراد جان کی بازی ہار گئے۔
لاہورسمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں آندھی کے بعد موسلادھار بارش سے مختلف حادثات پیش آئے، اوکاڑہ میں گھر کی چھت گرنے سے12 افراد موت کی وادی میں چلے گئے۔
حافظ آباد اور پتوکی میں بھی تیز بارش کے باعث گھرکی چھت گر گئی جس سے ایک بچی جاں بحق اور 6 افراد زخمی ہوئے۔
ٹوبہ ٹیک سنگھ، نارنگ منڈی اور نوشہرہ ورکاں میں آسمانی بجلی گرنے کے واقعات میں 3 افراد جان سے گئے،طوفانی آندھی سے عارف والا میں درخت بھی اکھڑ گئے۔
لاہور سمیت مختلف علاقوں میں آندھی اور بارش کے باعث متعدد فیڈز ٹرپ ہونے سے بجلی کی سپلائی بھی معطل ہوگئی،بجلی سے طویل بندش سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
محکمہ موسمیات کی پنجاب کے مختلف شہروں میں مزید بارش کی پیشگوئی
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے آئندہ 24گھنٹوں کے دوران لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں مزید بارش کی پیگومئی کردی۔
چلچلاتی دھوپ اور سورج کی تپش غائب ہوگئی، گزشتہ روز سے پنجاب کے بیشتر علاقوں میں ٹھنڈی ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش نے گرمی کو بھگا دیا ، خوبصورت موسم میں پارکوں کی رونقیں بڑھ گئی ہیں۔
مورننگ واک کرنے والے اور کالجز میں پڑھتے نوجوان سہانے موسم میں سیلفیز بنانے میں مصروف ہیں۔
شیخوپورہ، پتوکی، شرقپور شریف اور نوشہرہ ورکاں سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش نے موسم کے تیور بدل دیئے۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران لاہور سمیت پنجاب کے مختلف مقامات پر آج بھی بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔