اسلام آباد:پاکستان میں بھارتی کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آگیا، آزاد کشمیر کے 39سالہ شخص میں وائرس پایا گیا، وزارت صحت نے تصدیق کردی،متاثرہ شخص خلیجی ملک سے پاکستان آیا تھا۔
پاکستان میں انڈین قسم کا پہلا کورونا کیس سامنے آگیا ، وزارت صحت نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ انڈین کورونا وی انٹ کی تشخیص گلف کنٹری سے لوٹنے والے 39 سالہ آزاد کشمیر کے رہائشی میں ہوئی ہے۔
وزارت صحت کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق 39سالہ آزاد کشمیر کے رہائشی کے ایئرپورٹ پر دوبارہ کورونا ٹیسٹ کرانے پر 8 مئی کو کیس سامنے آیا۔
حکومتی ایس او پیز کے تحت متاثرہ شخص کے قرنطینہ کرنے کے بعد مزید ٹیسٹنگ میں انڈین ویری انٹ کا انکشاف ہوا ہے، این آئی ایچ ٹیم کی جانب سے متاثرہ شخص کی دوران پرواز ممکنہ کنٹیکٹ ٹریسنگ کی جارہی ہے۔
این آئی ایچ کے مطابق کیس سامنے آنے پر متاثرہ شخص کے فیملی ممبران اور ضلع میں موجود دیگر قریبی دوستوں اور رشتہ داروں کے سیمپل اور ٹیسٹنگ کے بعد کووڈ کے نتائج منفی آئے ہیں۔
وزارت صحت نے ائیرلائنز پر سکریننگ اینڈ آئسولیشن سسٹم پر سختی سے عمل درآمد پر زور دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ ایئر لائنز منظوری شدہ لیبارٹریز کے ٹیسٹ کے بعد مزید سکریننگ کو بھی یقینی بنایا جائے۔
وزارت صحت نے شہریوں سے بھی گائیڈ لائنز پر عمل درآمد کرنے کی اپیل کی ہے۔