اسلام آباد:پاکستان ایئرو ناٹیکل کمپلیکس کامرہ نے 3 جے ایف17 تھنڈر طیارے نائیجیرین ایئر فورس کے حوالے کر دیئے۔
تین جے ایف17 تھنڈر طیارے نائیجیرین ایئر فورس کے حوالے کرنے کی تقریب کے مہمان خصوصی نائیجیریا کے وزیر دفاع تھے، انہوں نے جے ایف-17 لڑاکا طیاروں کی نائیجیرین فضائیہ میں شمولیت پر بے حد خوشی کا اظہار کیا۔
نائیجیرین وزیر دفاع میجر جنرل (ریٹائرڈ) بشیر مگاشی نے کہا کہ سیکیورٹی کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلئے نائیجیرین فضائیہ کی صلاحیتوں کو بڑھانے اور دو طرفہ تعاون کیلئے پاکستان اور پاک فضائیہ کے ممنون ہیں۔
ایئر مارشل سید نعمان علی نے کہا کہ جدید لڑاکا طیارے کی شمولیت سے نائیجیرین فضائیہ کو حربی فوقیت ملے گی، منفرد جنگی صلاحیتوں کے حامل فائٹر طیاروں کی یہ کھیپ نائیجیریا کی فضائی سرحدوں کے دفاع میں ایک مضبوط پلیٹ فارم ثابت ہوگی۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق پاکستان ایروناٹیکل کمپلیکس نے کوویڈ 19 وباء سے درپیش چیلنجز کے باوجود طے شدہ شیڈول کے مطابق طیارے نائیجیرین ایئر فورس کے حوالے کئے۔