کراچی :پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پی ٹی آئی حکومت کوعام آدمی کیلئے ملکی تاریخ کا بدترین دور قرار دے دیا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اپنے ایک بیان میں پی ٹی آئی حکومت عام آدمی کیلئے ملکی تاریخ کا بدترین دور قرار دے دیا اور کہا کہ عمران خان دنیا کے واحد حکمران ہیں جو مہنگائی کا خاتمہ کرنے کے بجائے مہنگائی کا نوٹس لیتے ہیں، ملک اپنی تاریخ کے بدترین معاشی بحران کا سامنا کررہا ہے اور عمران خان اپوزیشن پر الزامات لگانے میں مصروف ہیں
بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ دوسروں کے منصوبوں پر تختیاں لگانے کے علاوہ عمران خان اپنا کوئی ایک کارنامہ بتائیں جس سے عوام کو فائدہ ہوا ہو، عمران خان الزامات، دعوؤں، وعدوں اور یوٹرن لینے کے علاوہ اب تک کچھ نہیں کرسکے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ معاشی ترقی کے دعوؤں میں مصروف عمران خان کو مہنگائی کے مارے عوام کا کوئی احساس نہیں ہے، بے ضابطگیوں سے متعلق آڈیٹر جنرل کی رپورٹ پر پردہ ڈالنے سے عمران خان کی کرپٹ حکومت کے کرتوت چھپ نہیں سکتے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ بڑے کاروباری سیکٹرز کو مراعات دینے سے عام آدمی کی معاشی حالت بہتر نہیں ہوسکتی ، مہنگائی کا سامنا کرنے والے پاکستان کے عام آدمی کی حقیقی اجرت مسلسل کم ہوتی جارہی ہے ،عمران خان کی جانب سے کرونا وائرس کی وبا پر اپنی نااہلی کا ملبہ ڈالنے کی کوشش کو ناکام بنائیں گے۔